کراچی پولیس آفس پر حملہ پسپا،شدید جھڑپ 3دہشتگرد جہنم واصل، اہلکارسمیت4 افراد شہید

کراچی (بیورورپورٹ )کراچی کے علاقے شارع فیصل پر واقع کراچی پولیس آفس پر دہشتگردوں کے حملے میں 3دہشت گرد ہلاک اور پولیس اہلکار سمیت 4افراد شہید ہوگئے
،4 گھنٹے مقابلے کے بعد عمارت کو کلیئر کرالیا گیا۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی)ایسٹ مقدس حیدر ک بتایا کہ حملے میں 3دہشت گرد ہلاک ہوئے، ایک دہشت گردچوتھی منزل پر اور 2چھت پر ہلاک ہوئے، ہلاک دہشتگردوں میں سے ایک نے خود کو اڑایا۔ سندھ حکومت کے ترجمان مرتضی وہاب کے مطابق حملے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت 4افراد شہید ہوگئے جبکہ 18زخمیوں کوہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔حملہ شام 7بجکر 10منٹ پر کیا گیا، حملہ آور پولیس لائنز سے داخل ہوئے
،حکام نے بتایا کہ رینجرز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری نے پولیس آفس کو چاروں طرف سے گھیرے میں لیا اور شارع فیصل کے دونوں ٹریکس کو ٹریفک کے لیے بند کیا گیا۔کراچی پولیس آفس میں آپریشن مکمل ہوگیا اور عمارت کوکلیئر کرالیاگیا۔
آپریشن مکمل ہونے کے بعد پولیس اور رینجرز اہلکاروں نے نعرے لگائے،حکام کے مطابق پولیس کو تیسری منزل پردہشت گردوں کے لائے گئے 3بیگ ملے، تینوں بیگز میں سے گولیاں اور بسکٹ نکلے،اس کے علاوہ چوتھی منزل پر محصور عملے کو بھی بحفاظت نکالا گیا، ڈی ایس پی نعیم اوروسیم سمیت عملے کوبحفاظت نکالاگیا،کراچی پولیس آفس کی چھت پر دہشتگرد نے خودکو دھماکے سے اڑا لیا،پولیس حکام کے مطابق جب سکیورٹی اہلکار گھیرا تنگ کرتے عمارت کی بالائی منزل کی طرف پہنچے تو کراچی پولیس آفس کی چھت پر دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا،پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 3دہشت گرد ہلاک ہوئے جن میں سے 2مقابلے میں مارے گئے اور ایک نے خود کو اڑا لیا،ڈی آئی جی ساتھ کا کہنا ہے کہ دہشت گرد پوری تیاری سے آئے تھے، دہشت گردوں نے 2 سے 3 اطراف سے حملہ کیا، عمارت میں 40سے 50لوگ موجود تھے۔وزیراعظم نے دہشت گرد حملے سے متعلق وزیراعلی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیر اعظم نے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی پر پولیس اور سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔قوم سکیورٹی اداروں کیساتھ، دہشت گردوں کو نشان عبرت بنائیں گے، وزیر اعظم نے وزیر داخلہ کو دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں مکمل تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کیلئے پوری ریاستی قوت کو بروئے کار لانا ہوگا، دہشت گردوں نے ایک بار پھر سے کراچی کو نشانہ بنایا ہے ،وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کے پی او پر حملے کی مذمت کی ہے۔ بلاول نے اپنے بیان میں کہا کہ سندھ پولیس پہلے بھی دہشتگردی کو کچل چکی ہے، پورا یقین ہیکہ دوبارہ دہشتگردی کا خاتمہ کریں گے، ایسے بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔