ریلوے انتظامیہ و پولیس کی نااہلی، مسافر آزادانہ آتش گیر مواد کے ساتھ سفر کرنے لگے

لاہور (اپنے نمائندے سے) ریلوے انتظامیہ و پولیس کی نااہلی، مسافر ٹرینوں میں آتش گیر سامان لانے لے جانے پر پابندی کے باجود عوام گیس سلنڈر و دیگر مواد کے ساتھ آزادی سے سفر کرنے لگے، کسی سنگین حادثے کی صورت میں ہزاروں جانوں کے ضیاع کا خدشہ، سٹیشن کے داخلی راستوں اور پلیٹ فارمز پر سکیورٹی انتظامات زیرو دکھائی دے رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلویز کی جانب سے مسافر ٹرینوں میں شہریوں کو سفر کے دوران گیس سلنڈر، پٹرول اور دیگر ایسی اشیاءساتھ نہ رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کررکھا ہے لیکن اس پر ریلوے انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے عملدرآمد نہ ہونے کے برابر ہے۔ ریلوے انتظامیہ کی طرف سے مسافر ٹرینوں میں تحریر کررکھا ہے کہ آتشزدگی مواد دوران سفر ساتھ رکھنے والے مسافر کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائےگی لیکن اسکی روک تھام کی خاطر مسافروں کو سٹیشن میں داخل ہونے اور ٹرین میں سوار ہونے سے قبل انکے سامان کی تلاشی لینے کی خاطر کسی قسم کے انتظامات عملی طور پر نہیں کئے گئے جو کہ ریلوے پولیس کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کی وجہ سے متعدد مرتبہ ٹرینیں حادثات کا شکار ہوچکی ہیں، اسکے نتیجے میں کثیر تعداد میں مسافر زخمی اور جان گنوا بیٹھے، اسکے باوجود بھی ریلوے پولیس کی جانب سے مسافروں کے سامان کی تلاشی کی خاطر اہلکاروں کو تعینات کرنے میں کوتاہی برتی جا رہی ہے۔ آتشزدگی مواد پر پابندی کے باوجود مسافر آزادانہ سفر کے دوران گیس سلنڈر لیکر سفر کررہے ہیں۔ اس حوالے سے دو روز قبل پشاور سے کوئٹہ جانےوالی جعفر ایکسپریس میں ریلوے پولیس کی نااہلی کی وجہ سے مسافر کے پاس گیس سلنڈر تھا جس کے پھٹنے کی وجہ سے 2 ہلاکتیں ہوئیں جبکہ 8 کے قریب افراد زخمی ہوئے۔ دھماکے سے ٹرین کو بھی نقصان پہنچا جو کہ سیکورٹی انتظامات فول پروف نہ ہونے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یہ ریلوے پولیس کی طرف سے پلیٹ فارم پر موجود اور ٹرین پر سوار ہونے والے مسافروں کے سامان کی تلاشی نہ لینے کا نتیجہ ہے۔ ریلوے پولیس کی طرف سے سٹیشنوں کے داخلی راستوں پر بھی تعینات چند اہلکار مسافروں کی تلاشی لینے کی بجائے ذاتی کاموں میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔ اس غیریقینی صورتحال کی وجہ سے عوام کا ٹرین کے سفر کو خیرباد کہنے کا رجحان پیدا ہوسکتا ہے جبکہ مسافروں میں ریلوے پولیس کی سکیورٹی فراہم کرنے میں مجرمانہ غفلت کی وجہ سے ہزاروں مسافروں کی جانوں کے ضیاع کے خدشات میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔ ریلوے انتظامیہ کی طرف سے جعفر ایکسپریس واقعہ کی انکوائری اس پولیس افسر کے ہی حوالے کی گئی ہے جو کہ اس حادثے کا خود ذمہ دار ہے۔