لاہور (نوید چودھری) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی جانب سے جیل بھرو تحریک کے اعلان بعد گرفتاریوں کے خوف سے لاہور کی اعلیٰ قیادت زمان پارک پہنچنے کی بجائے گھروں میں بیٹھ کر بیان داغنے کی کوششوں میں مصروف، پارٹی کو جب بھی برے وقت میں مخلص کارکنوں کی ضرورت پیش آتی ہے تو صدر لاہور امتیاز محمود شیخ فرنٹ پر آکر کھیلنے کی بجائے روپوش ہوجاتے ہیں اور کسی خفیہ مقام سے بیانات داغ کر پارٹی میں اپنی اہمیت کو اُجاگر کرنے کی کوشش کرنے لگ جاتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ماضی میں بھی جب پی ٹی آئی کے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ شروع ہوا تھا تو امتیاز محمود شیخ مبینہ طور پر اس وقت کے صوبائی وزیر بلدیات میاں محمود الرشید کے گھر میں چھپ گئے تھے اور جن لوگوں نے اپنی گرفتاریوں کی پرواہ کرتے ہوئے پارٹی کا دفاع کرنے کی کوشش کی انکی خدمات کو آج بھی یکسر نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ یوں تحریک انصاف مقبولیت کے عروج تک پہنچنے کے بعد بھی لوکل سطح پر مخلص قیادت تلاش کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے، اسکی بنیادی وجہ یہ بتائی جا رہی ہے کہ صدر لاہور امتیاز محمود شیخ مقامی کارکنوں کا اعتماد حاصل کرنے میں بری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو جیل بھرو تحریک کے اعلان کے بعد کارکنوں سے جو توقعات وابستہ تھیں وہ پوری نہیں ہوسکی ہیں، اسی وجہ سے پارٹی زمان پارک کے باہر کارکنوں کی بڑی تعداد شو کرنے کا کارڈ دوسرے شہروں کے کارکنان کے سر پر کھیلنا پڑا ہے۔
جیل بھرو تحریک، پی ٹی آئی اعلیٰ قیادت روپوش ہوگئی
















