عوام ملک کے مستقبل سے مزید کھلواڑ نہیں ہونے دیں گے: مسلم لیگ (ن)

لاہور( اپنے رپورٹر سے) مسلم لیگ (ن) نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی مبینہ آڈیو لیک پر چیف جسٹس پاکستان سے نوٹس لینے کےلئے پریس کلب کے باہرمظاہرہ کیا ۔ احتجاج میں لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر، رانا مشہود احمد خان،میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان، حاجی امداد، طارق گل سمیت کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ لیگی رہنما اور کارکنان چیف جسٹس پاکستان سے سابق وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی مبینہ آڈیو لیک کا نوٹس لینے کے مطالبے پر مبنی نعرے لگاتے رہے اس موقع پر کارکنان نے عمران خان کے خلاف بھی شدید نعرے بازی کی ۔احتجاجی مظاہرے کے باہرے شملہ پہاڑی چوک میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا اور گاریوں کی قطاریں لگی رہیں۔قبل ازیں پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا مشہود احمد نے کہا کہ عمران خان کو پاکستان نہیں اقتدار چاہیے وہ بھی پنکی پیرنی اور فرح گوگی کے سر پر چاہیے ،ضمانت منسوخ ہونے پر عمران خان کو سی سی پی او لاہور نے پکڑنا تھا ،غلام محمود ڈوگر کو بحال کرکے عمران خان کو ریلیف دیا گیا ہے ،پرویز الٰہی جیت گیا انصاف ہار گیا ، پاکستان کی عوام ملک کے مستقبل سے اور کھلواڑ نہیں ہونے دیں گے ۔سیف الملوک کھوکھر ،میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان، حاجی امداد حسین،طارق گل اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا مشہود احمد نے کہا کہ عمران خان پہلا وزیر اعظم ہے جس کو آئینی اور قانونی طریقے سے ہٹایا گیا ، عمران خان نے امریکہ کی غلامی نا منظور اور سائفر کے نعرے لگائے ،لیکن پھر امریکہ سے معافی مانگ لی ۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کے فیصلوں کا خمیازہ پورے پاکستان نے بھگتا ہے ،جھوٹے کیس میں نواز شریف کو نااہل نہ کیا جاتا تو حالات کچھ اور ہوتے ،عمران خان کو مسلط کرکے معیشت کا بیڑا غرق کیا گیا ، آج آزاد عدلیہ کو یہ فکر ہے کہ غلام محمود ڈوگر واپس سی سی پی او لاہور لگا نا ہے کہ نہیں ،2018ءمیں دھاندلی سے آنے والا شخص اب عدالتی دھاندلی کے ذریعے آنا چاہتا ہے ،ضمانت منسوخ ہونے پر عمران خان کو سی سی پی او لاہور نے پکڑنا تھا ،غلام محمود ڈوگر کو بحال کرکے عمران خان کو ریلیف دیا گیا ہے آج پرویز الٰہی جیت گیا انصاف ہار گیا ،پاکستان کی عوام ملک کے مستقبل سے اور کھلواڑ نہیں ہونے دیں گے ۔ انہوںنے کہا کہ گھر گھر میں بھوک ہے ، معیشت تباہ ہے ، عوام کو قربانی دینے کا کہا جارہا ہے ،قربانی عدلیہ کے جج دیں، ججز اپنی مراعات کا خاتمہ کریں ، ماضی میں کسی جج پر انگلی اٹھتی تھی تو وہ سیٹ پر نہیں بیٹھتا تھا ،تمام اداروں سے درخواست ہے کہ پرویز الٰہی کی آڈیو کا فرانزک کرائیں ،میرے اوپر توہین عدالت لگانی ہے تو لگائیں ، ڈیم فنڈ کے پیسوں کا حساب لیا جائے ۔ انہوںنے کہا کہ آپ اور میں اثاثے ظاہر نہ کرکے انتخاب لڑیں تو ہمارے لیے 62اور63ہے ،عمران خان نے اپنی بیٹی تسلیم نہیں کی تو اس کے لیے صادق اور امین کے القابات ہیں،گھر بیٹھ کر کہتا ہے کہ دو گھنٹے بعد یا دس دن بعد عدالت آئیں گے ، یہ سہولت پھر ہر کسی کو دیں ۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی نے اسمبلی سے استعفے دئیے اور احتجاج کیا کہ استعفے منظور کرو ، مراعات واپس لینے کا کہا گیا تو احتجاج کرتے ہیں ، یہ پیسہ ٹیکس دہندگان کا ہے، عمران خان اور حواریوں کا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ڈیل عمران خان نے پاکستان کے گلے میں ڈالی ، اپنے وزیر خزانہ کے ساتھ مل کر پاکستان کو دیوالیہ کرنے کی سازش کی گئی ، اپنے مفاد کے لیے ملک کے استحکام اور وقار کو داﺅ پر لگاتے ہو، میر جعفر اور میر صادق ، عمران خان ، شوکت ترین اور اس کے حواری ہیں۔