شہباز شریف کا ترک صدر، بحرینی شاہ سے ٹیلیفونک رابطہ

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا ترک صدر رجب طیب اردوان اور بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور حکومت اور عوام کی جانب سے ترک حکومت اور عوام کو عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کی۔وزیراعظم کی جانب سے عید الاضحیٰ کی پرتپاک مبارکباد کا جواب دیتے ہوئے صدر اردوان نے بھی پاکستان کی حکومت اور عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اردوان نے بلوچستان میں تباہ کن سیلاب کے متاثرین کے لئے دعا بھی کی۔ اس تناظر میں، ترک صدر نے آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان کے لئے اپنی حکومت کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔ترک کے اپنے حالیہ دورے اور ان کے وفد کی گرمجوشی سے کی گئی مہمان نوازی کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور دیگر اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔دونوں رہنماؤں نے عالمی توانائی اور خوراک کے بحران سے نمٹنے کے لئے تعاون بڑھانے سمیت علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ وہ ستمبر 2022 میں پاکستان میں ہونے والے اعلیٰ سطحی سٹرٹیجک کوآپریشن کونسل کے 7ویں اجلاس میں صدر اردوان کے استقبال کے منتظر ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترک صدر کے دورہ پاکستان سے نئی راہیں کھلیں گی اور اس سے دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کومزید وسعت ملے گی۔