بلدیاتی قانون‘جماعت اسلامی‘سندھ حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب

کراچی:(لیڈر نیوز) جماعت اسلامی اور سندھ حکومت کے درمیان بلدیاتی قانون پر مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ جماعت اسلامی کا 29 روزہ دھرنا ختم سندھ میں بلدیاتی قانون پر تنازع ختم، صوبائی حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ جماعت اسلامی نے سندھ اسمبلی کے سامنے 29 روز سے جاری دھرنا ختم کردیا۔سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے بھی لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم پر رضامندی کے بعد مسودہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی نے کراچی کے میئر کو بااختیار بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ صوبائی مالیاتی کمیشن کا قیام، تعلیمی ادارے اور اسپتال بلدیہ کراچی کو واپس کر دیے جائیں گے۔ میئر اور ٹاؤن چیئرمین کو کمیشن کا رکن بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ بلدیہ کراچی کو بھی ٹیکس سے حصہ ملے گا۔حافظ نعیم الرحمان نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کے لیے آج یوم تشکر منایا جائے گا۔ حافظ نعیم الرحمان نے آج مختلف شاہراہوں پر دھرنوں کی کال بھی واپس لے لی۔ دونوں جماعتوں کے درمیان تحریری معاہدہ طے پا گیا، چند نکات پر مذاکرات جاری رہیں گے۔