مری کی سڑکوں کی 2 سال سے جامع مرمت نہیں کی گئی‘ابتدائی رپورٹ

لاہور:(لیڈر نیوز) سانحہ مری کی ابتدائی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ مری اور گردونواح کی سڑکوں کی گزشتہ 2 سال سے جامع مرمت نہیں کی گئی۔سانحہ مری کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مری میں نجی کیفے کے باہر پھسلنے کے باوجود کوئی سرکاری مشینری موجود نہیں تھی۔ سیاحوں کے لیے مری سے نکلنے والے راستے میں برف صاف کرنے کے لیے ہائی وے کی کوئی مشینری موجود نہیں تھی۔رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ مری کے مختلف علاقوں میں بجلی نہ ہونے کے باعث سیاحوں نے ہوٹلوں کی بجائے گاڑیوں میں بیٹھنے کو ترجیح دی۔ مری شاہراہوں پر ٹریفک کی بندش کے باعث برف ہٹانے والی مشینری کے ڈرائیور بروقت موقع پر نہ پہنچ سکے۔ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر اور ڈی ایس پی ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے موقع پر موجود تھے۔ مری میں کوئی پارکنگ پلازہ نہیں جہاں گاڑیاں کھڑی کی جا سکیں۔