لاہور :پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر محمد عرفان نے کہا ہے کہ اس وقت قومی ٹیم میں کم بیک اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سکواڈ کا حصہ بننا ہی میرا ہدف ہے، یہ درست ہے کہ میں فٹنس کے معاملے میں کمزور ہوں اور اس وجہ سے ہی آف سیزن میں فٹنس کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی۔ تفصیلات کے مطابق محمد عرفان نے آخری مرتبہ نومبر 2019 میں کینبرا میں آسٹریلیا کیخلاف پاکستان کی آخری بار نمائندگی کی تھی جبکہ 2016 میں انہوں نے اپنا آخری ون ڈے میچ لیڈز کے مقام پر انگلینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔ محمد عرفان پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بعد اب آف سیزن میں اپنی فٹنس پر کام کر رہے ہیں۔محمد عرفان کا کہنا ہے کہ اس وقت میرا واحد ہدف پاکستان ٹیم میں واپسی کرنا ہے اور میں یہ کر سکتا ہوں، فٹنس کو مزید بہتر بنانے میں مصروف ہوں، میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنا چاہتا ہوں کیونکہ ورلڈ کپ یو اے ای میں ہو رہا ہے اور میں وہاں زیادہ کامیاب ہو سکتا ہوں۔ محمد عرفان نے کہا کہ 2015میں ون ڈے ورلڈ کپ کھیلا ہے جبکہ 2016 کا ٹی 20 ورلڈ کپ بھی کھیل چکا ہوں اور اب میں پھر ورلڈ کپ کھیلنا چاہتا ہوں اور اس کیلئے سخت محنت کرنے میں مصروف ہوں، پی ایس ایل میں کارکردگی اچھی رہی ہے بس مجھے فٹنس میں تھوڑی کمی محسوس ہو ئی ، میرا دیگر لیگز کے ساتھ بھی معاہدہ ہے، وہ بھی میں کھیلوں گا۔
#T20 World Cup #leader news #Mohammad Irfan #Pakistan against Australia #cricket

















