اسلام آباد: سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایاگیا، افسران نے دیگرملازمین کے بجائے اپنی تنخواہیں بڑھادیں، اسٹیٹ بینک کی پوری انتظامیہ کو فارغ کرناچاہیے تھا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق ، سپریم کورٹ نے گولڈن ہینڈ شیک اسکیم سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اسٹیٹ بینک کی درخواست پر سماعت کی۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔چیف جسٹس گلزار احمد نے اسٹیٹ بینک کی انتظامیہ پر اظہارِبرہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ افسران نے دیگرملازمین کے بجائے اپنی تنخوہیںبڑھادیں ، اسٹیٹ بینک کی پوری انتظامیہ کو فارغ کردیا جانا چاہئے تھا ، اربوں روپے کانقصان اسٹیٹ بینک کوپہنچایاگیا ۔اتنا بڑا نقصان بینک انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے ہوا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جب ایسے معاملات سامنے آجاتے ہیں تو تکلیف ہوتی ہے۔ کتنی شرم کی بات ہے کہ بڑے افسر اپنی تنخواہ لیکر اداروں کو تباہ کردیتے ہیں۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے اسٹیٹ بینک کے وکیل سے گفتگو کرتے ہوئے پوچھا کہ بعد میں اس ادارے کو کتنی رقم ادا کرنی پڑی۔ جس پر اسٹیٹ بینک کے وکیل نے جواب دیا کہ اسٹیٹ بینک کو تقریبا دو ارب روپے ادا کرنے ہیں۔ چیف جسٹس نے غصے سے ریمارکس دیئے کہ اتنے بڑے نقصان کے بعد آپ کے کسی افسرکو کوئی اثرہی نہیں ہواہوگا۔ملازمین کے وکیل نے عدالت میں دلیل دی کہ اسٹیٹ بینک کے وکیل نے متعلقہ دستاویزات بھی منسلک نہیں کیں۔ چیف جسٹس نے اسٹیٹ بینک کے وکیل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپ جیسے سینئر وکیل سے اس کی توقع نہیں تھی۔عدالت نے گولڈن ہینڈ شیک پر سماعت کے لئے اسٹیٹ بینک کی درخواست منظور کردی ، لیکن کہا کہ اس کی مزید سماعت چھ ماہ میں ہوگی۔
#Supreme Court #ISLAMABAD #Islamabad High Court #Chief Justice Gulzar Ahmed #SBP #Justice Mazahir Ali Akbar Naqvi #State Bank of Pakistan #Pakistan

















