محافظین نے ہی آئین کے تحفظ کا حلف توڑ دیا ‘جسٹس قاضی فائز

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے سینئر جج قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ آئین کے محافظوں نے آئین کے تحفظ کا حلف توڑ دیا ۔اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اسلام میں بنیادی حقوق اور آئین کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے جج قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ قائداعظم نے کہا کہ آئین پاکستان جمہوری اور اسلامی قانون پر مبنی ہوگا۔ قائداعظم نے کہا کہ اسلام میں سب برابر ہیں اور انصاف غالب ہونا چاہئے ، آئین ہر شہری عیسائی ، ہندو اور دوسرے مذاہب کی حفاظت کرتا ہے ، ہم نے آئین نہیں سیکھا ، ہم نے اس کا اردو ترجمہ بھی نہیں کیا ، ہم نے اس کے ساتھ وہی سلوک کیا جو ہم قرآن مجید کے ساتھ کرتے ہیں۔ عوام کی ہوس نے آئین کو مسترد کردیا اورمحافظین آئین نے قسم اُٹھائی وہ انہوں نے توڑدی۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ آئین پاکستان کسی اسکول میں پڑھایا جاتا ہے ، امریکی اسکولوں میں آئین کی تعلیم دی جاتی تھی تاکہ طلبا کو ابتدائی عمر ہی سے آئین کا پتہ چل جائے ، آئین کو پڑھنا بہت ضروری ہے کیونکہ ایسا کرنے سے معلوم ہوگا کہ پاکستان کیسے وجود میں آیا ، ہمارے پاس اس وقت نصف پاکستان ہے کیونکہ اس کا آدھا حصہ ہم سے الگ ہوچکا ہے۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ کسی نے ججوں کے اثاثوں کی تفصیلات دینے کے لئے سپریم کورٹ کو خط لکھا۔ میں اور میری اہلیہ نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات بتائیں جو اب بھی سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ایک صاحب آتے ہیںآئین ادھرکردیتے ہیں ، دوسرے آتے ہیں ، وہ دوسری کردیتے ہیں، ہم کہتے ہیں کہ آپ ایسا نہیں کرسکتے ، یہ آئین کے ساتھ غداری ہے۔ایک صاحب کہتے ہیں آئین کوئی صحیفہ نہیں ہے بالکل یہ صحیفہ ہے کہتے ہیں اسلامی نظام آئے گا ، اسلامی نظام آگیا ہے، قائداعظم اور اس کے ساتھی اسلامی نظام لائے تھے۔