خیبر (مشرق نیوز) خیبر پختونخوا کے علاقے لنڈی کوتل کے دور افتادہ علاقے قاضیانو کلے ذخہ خیل میں پراسرار بیماری سے 5بچے جاں بحق ہو گئے۔ڈاکٹرز کے مطابق ایک ہی خاندان کے 7 بچے پراسرار بیماری سے متاثر ہوئے، دو بچے تاحال ایچ ایم سی پشاور میں زیر علاج ہیں، ایچ ایم سی پشاور میں زیر علاج دونوں بچوں کی حالت مستحکم ہے۔
ڈپٹی کمشنر خیبر کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل نے ایچ ایم سی پشاور کا دورہ کیا انہوں نے زیرِ علاج بچوں کی عیادت کی اور ڈاکٹروں سے طبی صورتحال پر بریفنگ لی۔ڈاکٹرز نے بتایا کہ بچوں کے ابتدائی طبی ٹیسٹوں میں کیلشیم، میگنیشیم اور پی ٹی اور آئی این آر نارمل ہے جبکہ بیماری کی اصل وجوہات معلوم کرنے کے لیے بلڈ کلچر اور سی ٹی سکین برین تجویز کی ہے۔
دوسری جانب متاثرہ گاوں میں میڈیکل ٹیم بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے اور مزید ممکنہ کیسوں کا جائزہ لیا جائیگا، 5 بچوں کی اموات کی وجوہات تاحال سامنے نہ آ سکیں، دو بچوں کا علاج جاری ہے۔
خیبر میں پراسرار بیماری پھوٹ پڑی، ایک ہی خاندان کے پانچ بچے جاں بحق، دو زیرِ علاج

















