مشرق وسطیٰ میں امریکی اڈے بند نہ ہوئے تو حملے جاری رہیں گے،ایرانی سپریم لیڈر


تہران،واشنگٹن،تل ابیب:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)خطے میں نئی جنگ نے طول پکڑ لیا،ایک دوسرے پر وار،ایران میں جوہری تنصیب پر اسرائیلی بمباری،تہران کاعراق کے قریب 2 آئل ٹینکروں پر حملہ ،عملے کا رکن ہلاک ،متحدہ عرب امارات کے قریب بھی کنٹینر جہاز نشانہ،پاسداران انقلاب کاتل ابیب میں صہیونی فوج کے عسکری مراکز کو تباہ کرنے کا دعویٰ،ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے جنگ بندی کیلئے 3 شرائط رکھ دیں، سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہاآبنائے ہرمز بند رہے گی،مشرق وسطیٰ میں امریکی اڈے بند نہ ہوئے تو حملے جاری رہیں گے،ہر شہید کے خون کابدلہ لیں گے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے تہران میں جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا،بمباری کے بعد دھویں کے بادل اٹھتے دکھائی دئیے،ایران نے جواب میںاسرائیل پر جدید ترین ہائپرسونک اور بیلسٹک میزائل برسادئیے۔

پاسداران انقلاب نے کہاڈرون حملوں کی تازہ لہر میں اسرائیل کے پاماخیم ،اووداایئر بیس کونشانہ بنایا ،اسرائیلی انٹیلی جنس ادارے شن بیت کے ہیڈ کوارٹر کو تباہ کر دیا،کارروائی یومِ قدس کی مناسبت سے میجرجنرل پاکپور کی یاد میں کی گئی، ایرانی بندرگاہوں کو نشانہ بنایا گیا تو علاقائی ممالک کی بندرگاہوں کو بھی نشانہ بنایاجائےگا، کوئی بھی ملک خود کو بحران سے نہیں نکال سکتا، دشمن پر بھروسہ نہیں کرتے، فتح حاصل کرنے تک نہیں رکیں گے،دشمنوں کےلئے بری خبر ہے ایران کے حملے جاری رہیں گے۔

ادھر عراق کے قریب 2آئل ٹینکروں پر حملے میںعملے کا رکن ہلاک ہوگیا،ریسکیو آپریشن کے دوران 39 افراد کو بحفاظت بچالیا گیا،متحدہ عرب امارات کے قریب کنٹینر جہاز نشانہ بنا،صدر مسعود پزشکیان نے جنگ بندی کیلئے 3 شرائط رکھتے ہوئے کہاایران کے آئینی حقوق تسلیم ،نقصانات کا ہرجانہ ادا ،آئندہ ایران کےخلاف جارحیت نہیں ہوگی عالمی طاقتیں ضمانت دیں،روسی صدر ،پاکستانی وزیراعظم سے بات چیت کے دوران خطے میں امن کےلئے ایران کے عزم کو دہرایا ۔

دریں اثنا ا پنے پہلے آڈیو پیغام میں ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے شہدا کے خون کا بدلہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا آبنائے ہرمزبند رہے گی،میڈیا کے ذریعے مجلس خبرگان کے فیصلے کا علم ہوا، امام خمینی ،خامنہ ای جیسے عظیم رہنماوں کے بعد منصب سنبھالنا مشکل ذمہ داری ہے،ضرورت پڑی تو دشمن کےخلاف مزید محاذ بھی کھولے جائیں گے،میرا عہدہ مجھ سے کئی چیزوں کا تقاضا کررہا ہے، عوام نے دنیا کو دکھایا ایرانی عظیم قوم ہیں، عوام کی حمایت کے بغیر میری کوئی اہمیت نہیں،حالیہ واقعات میں ایرانی قوم کی بصیرت ،ذہانت ،ثابت قدمی، جرات اور میدان میں موجودگی نے دوستوں کو متاثر و دشمن کو حیران کر دیا،بہادر مجاہدین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اپنی کاری ضربوں سے دشمن کا راستہ روکا۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے کہاعوام کی خواہش یہی ہے موثر اور دشمن کو پشیمان کرنے والا دفاع جاری رہے،آبنائے ہرمز کو بندکرنے کا اختیار بھی یقیناً استعمال ہوتا رہنا چاہیے،اپنے دشمن کو شکست دینی ہے،ہر شہید کابدلہ لیاجائےگا،حق سے دستبردار نہیں ہوں گے، ایرانی عوام کا اتحاد ہمیشہ قائم رہےگا،سب کو یقین دلاتا ہوں جب تک بدلے کا مکمل حق ادا نہیں ہو جاتا معاملہ تمام دیگر معاملات پر مقدم رہے گا،ملکی زمینی و سمندری سرحدیں 15 ممالک کے ساتھ ملتی ہیں ،ہمیشہ سب کےساتھ گرمجوش و تعمیری تعلقات رکھنے کے خواہاں رہے ،حالیہ جارحیت میں کچھ فوجی اڈے استعمال کیے گئے،ممالک کو چاہیے ایران پر پر حملہ کرنےوالوں اور عوام کے قاتلوں پر اپنا واضح مو¿قف بیان کریں۔

ایرانی سپریم لیڈر نے کہا مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی اڈے بند کریں ورنہ حملوں کیلئے تیار رہیں،شہدا خصوصاً مناب سکول کے شہدا کا بدلہ لئے بغیر نہیں رہیں گے، دشمن کو ایرانیوں کے خون کا حساب دینا پڑے گا،میراعہدہ مجھ سے کئی چیزوں کا تقاضا کر رہا ہے،عوامی یکجہتی کےساتھ دشمن کو شکست دیں گے،امریکہ کا امن ،سلامتی قائم کرنے کا دعویٰ محض جھوٹ تھا،دوبارہ واضح کرتا ہوں اسلامی جمہوریہ کا نظام خطے میں غلبہ یا نوآبادیاتی تسلط قائم کرنا نہیں چاہتا بلکہ تمام ہمسایہ ممالک کےساتھ اتحاد، گرمجوشی اور مخلصانہ تعلقات کےلئے مکمل طور پر تیار ہے۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا دشمن کے حملوں میں زخمی ہونے والوں کو لازماً مفت و مناسب طبی سہولتیں فراہم ،خصوصی مراعات بھی دی جائیں گی، مالی نقصانات ،املاک کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالے کےلئے مناسب و واضح اقدامات کیے جائیں گے،ہر صورت دشمن سے نقصان کا معاوضہ وصول کریں گے اگر انکار کریں تواتنے ہی اثاثے ضبط کریں گے جتنا مناسب سمجھیں گے اگر ممکن نہ ہوا تو اتنے ہی اثاثے تباہ کر دیں گے۔

پاسداران انقلاب کی بحریہ کے کمانڈر نے علی رضا تنگسیری نے کہا سپریم لیڈر کی ہدایات کے مطابق آبنائے ہرمز کو بند رکھنے کی حکمت عملی جاری رکھی جائےگی اور جارح دشمن کو شدید ضربیں لگائیں گے۔