بھارتی آبی جنگی اقدام، جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کو سنگین خطرہ ہے : اسحاق ڈار

اسلام آباد :( ) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے بھارت کا پانی روکنا جنگی اقدام، جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کو سنگین خطرہ ہے۔

غیرملکی سفارتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا بھارت نے اپریل2025 میں سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل کیا، اقدام عالمی قانون اور ویاناکنونشن کے آرٹیکل 26کی خلاف ورزی ہے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا دریائے چناب کے بہاؤ میں رواں سال 2 مرتبہ غیر معمولی تبدیلیاں ریکارڈ کی گئیں، 30 اپریل تا21مئی اور7تا15دسمبر2025پانی کے بہاؤ میں شدید اتارچڑھاؤ آیا، بھارت نے پیشگی اطلا ع کے بغیر دریائے چناب میں پانی چھوڑا، معاہدے کے تحت ضروری ڈیٹا و معلومات پاکستان کوفراہم نہیں کی گئیں۔

اسحاق ڈار نے کہا پاکستان نے انڈس واٹرکمشنر کے ذریعے باضابطہ سفارتی وقانونی راستہ اختیار کیا، بھارت کا حالیہ اقدام پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی واضح مثال ہے۔

نائب وزیراعظم نے دنیا کی توجہ دلائی بھارتی اقدامات سے پاکستان کی غذائی سلامتی کو خطرہ لاحق ، بھارت سندھ طاس معاہدے کے مطابق ذمہ داریاں پوری کرے، بھارت معاہدے کو منظم انداز میں کمزور کرنے کی کوششیں کررہا ہے۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کشن گنگا اوررتلے جیسے منصوبےمعاہدے کی تکنیکی شرائط کی خلاف ورزی ہیں، بھارت غیر قانونی ڈیموں کی تعمیر جاری رکھے ہوئے ہے، ڈیموں کی تعمیر سے بھارت کی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت اورغیر قانونی استعمال میں اضافہ ہورہا ہے۔

بھارتی آبی جارحیت سے پاکستان کی سلامتی، معیشت اور لوگوں کی زندگیوں کیلئے خطرہ ، بھارت نے ہائیڈرولوجیکل ڈیٹا اورمشترکہ نگرانی کا عمل روک رکھا ہے۔