وزیراعلیٰ مریم نواز کیلئے شعبہ صحت میں بہتری ترجیح ہے: خواجہ سلمان رفیق

لاہور (اپنے رپورٹر سے) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے 15 ویں کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی فرزانہ عباس،شہربانوفیکلٹی ممبران، طلباءو طالبات اور والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پروفیسر اصغر نقی نے فریش گریجویٹس سے خدمت انسانیت کا حلف بھی لیا۔مہمان خصوصی نے بیسٹ گریجویٹ عالیہ افتخار و دیگر نمایاں گریجویٹس کو گولڈ و سلور میڈلز اور ایم بی بی ایس کی ڈگریاں تقسیم کیں۔ کانووکیشن کے دوران 326 ایم بی بی ایس گریجویٹس بشمول 13 میڈل ہولڈرز اور 86 پوسٹ گریجویٹ طلباءبشمول 3 میڈل ہولڈرز کو ڈگریاں اور اعزازی تمغے دئیے گئے۔کانووکیشن کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور قومی ترانہ سے کیا گیا۔ اس دوران انتظامیہ کی جانب سے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی نمایاں کامیابیوں پر مبنی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی و دیگر نے فریش گریجوایٹس و پوسٹ گریجویٹس سے خطاب بھی کیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ آج اس عظیم طبی درسگاہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے والے فریش گریجوایٹس، پوسٹ گریجویٹس اور ان کے والدین کواس بہترین کامیابی پر مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا شمار پاکستان کی بہترین طبی درسگاہوں میں ہوتا ہے۔یہ یونیورسٹی طلباءوطالبات کو شاندار تعلیمی ماحول فراہم کرنے میں انفرادیت رکھتی ہے۔ آج فریش گریجوایٹس کی عظیم کامیابی کے ساتھ ساتھ اس درسگاہ سے سیکھی گئیں عظیم روایات اور خدمت خلق کیلئے جذبے کو بھی celerbrateکررہے ہیں۔ آج کا دن ہر گریجوایٹ کی عملی زندگی کی شروعات کیلئے انتہائی اہم ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کیلئے شعبہ صحت میں بہتری اوّلین ترجیح ہے۔حکومت پنجاب نے شعبہ صحت میں چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام،کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ پروگرام، ڈائیلسز پروگرام،کلینک آن ویلز اور فیلڈ ہسپتال جیسے تاریخی اقدامات اٹھائے ہیں۔حکومت پنجاب لاہور میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ،لاہور میں جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی، سرگودھا میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور بہاولپوراور روالپنڈی میں نئے چلڈرن ہسپتال بھی بنارہی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ ساہیوال انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے اورنئے بنائے جانے والے ہسپتالوں میں میڈیکل افسران،ویمن میڈیکل افسران،فیلوز،کنسلٹنٹس، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی ہزاروں اسامیوں پر بھرتی بھی کی جارہی ہیں۔ عوام کو ان کی دہلیزپر صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی ہی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ہماری تمام ترکامیابیاں صرف اور صرف ہمارے والدین کی دعاوں کی وجہ سے ہیں۔ انہو ںنے کہاکہ ہمارے فریش گریجوایٹس اس ادارے کے سفیرہوں گے۔ پروفیسر محمود ایاز کی خدمات کو بھی سراہتے ہیں۔حکومت پنجاب نے اربوں روپوں کی لاگت سے میو ہسپتال لاہور کی ری ویمپنگ مکمل کی ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کامیاب ہونے والے تمام فریش گریجوایٹس کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، آج بچوں کا عملی زندگی میں پہلا قدم ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شعبہ تعلیم کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں۔ وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز نے اپنے خطاب میں کہاکہ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کیپٹن (ر)زاہد سعید کی آمد پر شکریہ اداکرتے ہیں۔ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں طلباءو طالبات کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کیا جاتا ہے۔وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل نے کانووکیشن کے شرکاءسے خطاب میں کہاکہ تمام کامیاب ہونے والے گریجوایٹس کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔اس عظیم طبی درسگاہ کے فارغ التحصیل طلباءو طالبات پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی کو یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔