راولپنڈی: ( ) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے حکومتی اقدامات کے بغیر دہشت گردی پر قابو ممکن نہیں ، باررڈر مینجمنٹ پر گمراہ کن پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، رواں سال ملک بھر میں 67023 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے، 1873 دہشت گرد مارے گئے ، 136 افغانی تھے۔
سینئر صحافیوں سے ملکی سلامتی کے امور پر گفتگو میں ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر نے کہا 4 نومبر 2025 سے اب تک دہشتگردی کے خلاف 4910 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے ، 206 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا-
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا پاک افغان بارڈر انتہائی مشکل اور دشوار گزار راستوں پر مشتمل ہے، خیبر پختونخوا میں پاک افغان سرحد 1229 کلومیٹر پر محیط ہے ، 20 کراسنگ پوائنٹس ہیں-
پاک افعان بارڈر پر پوسٹوں کا فاصلہ 20 سے 25 کلومیٹر تک بھی ہے، بارڈر باڑ اس وقت تک مؤثر نہیں ہو سکتی اگر وہ آبزرویشن و فائر سے کور نہ ہو اگر 2 سے 5 کلومیٹر کے بعد قلعہ بنائیں اور ڈرون سرویلنس کریں تو کثیر وسائل درکار ہوں گے-
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا پنجاب اور سندھ کے برعکس خیبر پختونخوا میں بارڈر کے دونوں اطراف منقسم گاؤں ہیں، ایسی صورت حال میں آمد و رفت کو کنٹرول کرنا چیلنج ہے، دنیا میں بارڈر مینجمنٹ ہمیشہ دونوں ممالک مل کر کرتے ہیں اس کے برعکس افغانستان سے دہشتگردوں کی پاکستان میں دراندازی کیلئے افغان طالبان مکمل سہولت کاری کرتے ہیں-
پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا اگر افغان بارڈر سے متصل علاقوں کو دیکھا جائے تو آپ کو بمشکل مؤثر انتظامی ڈھانچہ دیکھنے کو ملتا ہے جو گورننس کے مسائل میں اضافے کا باعث ہے، بارڈر ایریاز میں انتہائی مضبوط پولیٹیکل ٹیرر کرائم گٹھ جوڑ ہے جس کی سہولت کاری فتنہ الخوارج کرتے ہیں۔
اگر سرحد پار سے دہشت گردوں کی تشکیلیں آرہی ہیں یا غیر قانونی سمگلنگ و تجارت ہو رہی ہے تو اندرون ملک روکنا کس کی ذمہ داری ہے؟ اگر لاکھوں نان کسٹم پیڈ گاڑیاں آپ کے صوبے میں گھوم رہی ہےتو کس نے روکنا ہے؟ نان کسٹم پیڈ گاڑیاں اس پولیٹیکل ٹیرر کرائم نیکسز کا حصہ ہیں جو خودکش حملوں میں استعمال ہوتی ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا افغانستان کے ساتھ دوحہ معاہدے کے حوالے سے پاکستان کا موقف بالکل واضح ہے، پاکستان کا موقف ہے افغان طالبان رجیم دہشت گردوں کی سہولت کاری بند کریں، افغانستان میں دہشتگردی کے مراکز ، القاعدہ، داعش و دہشتگرد تنظیموں کی قیادت موجود ہے وہاں سے اسلحہ اور فنڈنگ بھی ملتی ہے جو پاکستان کے خلاف استعمال ہوتی ہے۔
افغان طالبان رجیم پاکستان سمیت پوری دنیا کے لیے خطرہ بن چکا:ترجمان پاک فوج
















