نیویارک (مشرق نیوز) سفارتی ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ کے سینئر سفارتکار محتاط طور پر پرامید ہیں کہ چین اور روس ممکنہ طور پر امریکی سرپرستی میں غزہ میں عالمی استحکام فورس کی تعیناتی کی منظوری سے متعلق پیش کی جانے والی سلامتی کونسل کی قرارداد پر ویٹو استعمال کرنے کے بجائے غیر حاضر رہ سکتے ہیں، جو جنگ بندی کے بعد غزہ کے مستقبل کیلئے اقوام متحدہ کی صلاحیت کا ایک اہم امتحان ہے۔
رپورٹ کے مطابق امید ہے کہ قرارداد کا مسودہ پیر کو سلامتی کونسل میں رائے دہی کیلئے پیش ہوگا اور اس وقت منظور ہوجائےگا جب اسے 9 حمایتی ووٹ ملیں، اور 5 مستقل اراکین (امریکہ، چین، روس، برطانیہ اور فرانس) میں سے کوئی ویٹو نہ کرے۔ ایک سینئر سفارتکار نے کہا کہ چین قرارداد کو ویٹو نہیں کرے گا، لیکن روس کا موقف غیر یقینی اور اہم بھی ہے، ایک اور سفارتکار نے کہا کہ چین اور روس، ممکن ہے کہ دونوں غیر حاضر رہیں، مگر وہ ویٹو استعمال نہیں کریں گے۔
امریکہ کی جانب سے باضابطہ طور پر پیش کیا گیا مسودہ قرارداد 2 سالہ مینڈیٹ کے ساتھ ’بورڈ آف پیس‘ نامی ایک عبوری ادارہ قائم کرنے کی اجازت دیتا ہے، جس کی سربراہی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کریں گے، جیسا کہ انکے 20 نکاتی غزہ پلان میں تجویز کیا گیا ہے۔
یہ مسودہ ایک عارضی 20 ہزار اہلکاروں پر مشتمل آئی ایس ایف کی بھی منظوری دیتا ہے، جو غیر ریاستی مسلح گروہوں کا اسلحہ ختم کرے، انسانی ہمدردی کے راستوں کو محفوظ بنائے، شہریوں کا تحفظ کرے اور حکومتی ڈھانچوں کی بحالی میں مدد دے، امریکہ نے واضح کیا ہے کہ اس فورس میں کوئی امریکی فوجی شامل نہیں ہوگا۔خطے کی جانب سے بھرپور حمایت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 عرب اور مسلمان ممالک، پاکستان، قطر، مصر، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، انڈونیشیا، اردن اور ترکی نے اس ہفتے ایک مشترکہ بیان پر دستخط کیے تھے، جس میں امریکی مسودے کی توثیق اور اس کی فوری منظوری کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
امریکہ بھی اس بیان میں شامل تھا، سفارت کاروں کے مطابق، یہ حمایت اس تشویش کی عکاسی کرتی ہے کہ کہیں تشدد دوبارہ بھڑک نہ اٹھے۔ ایک سفارتکار نے اس سوال پر کہ مسلم ممالک نے امریکی قرارداد کی حمایت کیوں کی، جواب دیا کہ کوئی بھی نہیں چاہتا کہ فلسطینی نسل ک±شی دوبارہ شروع ہو۔
اقوامِ متحدہ میں فلسطین کے مستقل مبصر ریاض منصور نے پاکستان کے اقوام متحدہ میں سفیر منیر اکرم سے ملاقات کی اور اس بات سے اتفاق کیا کہ غزہ میں خونریزی فوراً رکنی چاہیے، فلسطینی مشن کے بارے میں سمجھا جاتا ہے کہ اس نے امریکی مسودے کیلئے عرب مسلم گروپ کی حمایت کی توثیق کی ہے۔
مسودہ قرارداد غزہ کی عبوری انتظامیہ کیلئے بورڈ آف پیس کا تصور پیش کرتا ہے، مگر اس پر سخت تنقید بھی ہوئی ہے، روس اور چین نے مطالبہ کیا ہے کہ اس بورڈ کو مکمل طور پر نکال دیا جائے۔ آئی ایس ایف غیر ریاستی مسلح گروہوں(بشمول حماس) سے اسلحہ کی مستقل برطرفی پر کام کرے گی، جو ایک نہایت حساس پہلو ہے۔
جیسے جیسے فورس ’کنٹرول اور استحکام قائم کرے گی‘، مسودہ اسرائیلی فوج کے غزہ سے انخلا کو ایسے ’معیارات، سنگ میلوں اور ٹائم لائنز‘ سے مشروط کرتا ہے جن پر اسرائیل، اسٹیبلائزیشن فورس، امریکہ اور دیگر فریقین کے درمیان اتفاق ہو۔
تنقید کے جواب میں امریکی مسودے میں ترمیم کی گئی تاکہ اسے ’فلسطینیوں کی خود ارادیت اور ریاست کیلئے قابلِ اعتبار راستے‘ پر زور دیا جا سکے، لیکن یہ مشروط ہے، یعنی فلسطینی اتھارٹی کی مخلصانہ“ اصلاحات اور غزہ کی تعمیر نو میں پیش رفت کے بعد فلسطینی ریاست کے قیام کی راہ ہموار کی جائے گی۔
کچھ عرب ممالک اور ممکنہ فوجی دستے فراہم کرنے والے ملکوں نے اس بات پر بھی تحفظات ظاہر کیے ہیں کہ بورڈ آف پیس کی تشکیل کیسے ہوگی، اسے کون چلائے گا، اور فلسطینی اتھارٹی (پی اے) کا اگر کوئی کردار ہوا تو کیا کردار ہوگا۔
چین ، روس کا غزہ میں عالمی فورس کی تعیناتی کی قرارداد ویٹو نہ کرنے کا امکان
















