35 ویں سالانہ فیملی میڈیسن انٹر نیشنل کانفرنس،صوبائی وزرا کی شرکت

لاہور: ( جنرل رپورٹر ) صوبائی وزراءخواجہ عمران نذیر اور خواجہ سلمان رفیق نے35 ویں سالانہ فیملی میڈیسن انٹر نیشنل کانفرنس میں شرکت کی،ڈاکٹر امجد ثاقب، ڈی آئی جی محبوب للہ، ڈاکٹر طارق محمود میاں، ڈاکٹر سعید احمد، ڈاکٹر طاہر چودھری، ڈاکٹر سجاد ملک ، ڈاکٹر ناہید ندیم بھی اس موقع پر موجود تھے۔

صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا فیملی فزیشنز علاج معالجے کی فراہمی میں ہمارا ہراول دستہ ہیں ،ڈینگی کے خلاف جہاد میں فیملی فیزیشنز کی خدمات سے انکار ممکن نہیں، فیملی فزیشن کو مستحکم کر کے عطائیت کےخلاف کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے،اکیڈمی آف فیملی فزیشنز کوالٹی ہیلتھ کئیر کی فراہمی میں ہمارے پارٹنر ہیں،خواجہ عمران نذیر نے 5لاکھ روپے المرا فاونڈیشن میں عطیہ کئے،خواجہ سلمان اور میں نے صحت کا شعبہ بائی چوائس لیا ہے کیونکہ اس میں غریب نادار کی مدد اور دعا لینے کا موقع ملتا ہے،اللہ تعالی نے آپ کو مسیحائی کا کام ذمہ لگایا ہے، آپ کے رزق میں خیر اور دعا دونوں شامل ہیں۔

خواجہ عمران نذیرنے کہا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز صحت عامہ سے متعلقہ مسائل کے حل کےلئے ہر ممکن وسائل فراہم کر رہی ہیں،وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے حالیہ سیلاب میں ایک بھی روپے کی بیرونی امداد کے بغیر متاثرین کی بحالی شروع کی ہے،مریم نواز کلینک آن ویلز اور کلینک آن بوٹس نے سیلاب متاثرین کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کیں ،مریم نواز ہیلتھ کلینکس نے 2500 سے زائد ڈاکٹرز کو روزگار فراہم کیا،وزیر اعلیٰ پنجاب نے آر ایچ سی اور بی ایچ یو کی ری ویمپنگ کر کے سٹیٹ آف دی آرٹ علاج گاہوں میں تبدیل کر دیا۔

صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا بہتر سروس ڈیلیوری کے لئے صحت کے تمام پروگرامز میں مختلف ٹیکنیکل گروپس کی تشکیل عمل میں لائی جا رہی ہے،ریفرل سسٹم، لوڈ مینجمنٹ میں فیملی فزیشن کا کردار انتہائی اہم ہے،غیر متعدی بیماریاں 80 پرسنٹ ہیلتھ کا بجٹ کھا جاتی ہیں، فیملی فیزیشنز کے ساتھ مل کر مسئلے پر قابو پایا جائےگا، نسخے کے بغیر ادویات کی دستیابی اب رکنی چاہیے،فیملی فزیشنز اور ہیلتھ کئیر کمیشن کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔