بھارت سمیت کئی ممالک کے اداروں ،افراد پر امریکی پابندیاں


واشنگٹن :(بیورورپورٹ)ایرانی میزائل پروگرام میں معاونت، امریکہ نے بھارت سمیت کئی ممالک کے اداروں اور افراد پر پابندیاں عائد کردیں۔

محکمہ خزانہ کے مطابق پابندیوں میں شامل افراد ،ادارے ایران، یو اے ای، چین، ترکیہ، ہانگ کانگ، بھارت، جرمنی ، یوکرین میں موجود اور ایرانی میزائل ،ڈرون پروگرام میں مددگار خریداری نیٹ ورکس کے ذریعے سرگرم ہیں،نیٹ ورک مشرق وسطیٰ میں امریکہ و اتحادیوں اور بحیرہ روم میں کمرشل سرگرمیوں کےلئے خطرہ ہیں، ایرانی میزائل و ڈرون پروگرام کے عالمی اثرات کو روکنے کےلئے اتحادیوں کےساتھ ملکر اقدامات جاری رکھیں گے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے کہا فیصلہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسی کا تسلسل،مقصد ایران کے جارحانہ میزائل پروگرام کو روکنا ،پاسداران انقلاب کو ایسے وسائل تک رسائی سے محروم کرنا ہے جو خطے میں عدم استحکام پیدا کرتے ہیں،پابندیاں ایگزیکٹو آرڈر 13382 کے تحت لگائی گئیں،تمام ممالک اقوامِ متحدہ کی پابندیوں پر مکمل عمل ،ایران کو ہتھیاروں یا میزائل سازی میں استعمال ہونےوالی ٹیکنالوجی یا سامان فراہم نہ کریں۔