فیلڈ مارشل کی لیڈر شپ میں جنگ جیتی ،دنیااب پاکستان کی بات سن رہی ہے،مریم

لندن: (مشرق نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھارت کےخلاف جنگ میں زبردست لیڈر شپ فراہم کی اب پوری دنیا پاکستان کی بات سن رہی ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاجنگ میں فتح کا کریڈٹ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اور پوری مسلح افواج کو جاتا ہے،بھارت کو شکست دینے کے بعد دنیا اب پاکستان کو تبدیل روئیے کےساتھ دیکھ رہی ہے،پنجاب کے عوام کی طرف سے ملنے والا پیار کبھی سوچ بھی نہیں سکتی تھی، کارکردگی میں ریکارڈ نہیں توڑا بلکہ شہبازشریف کی ایکسٹینشن ہوں۔

وزیراعلیٰ نے کہا فخر کا مقام پنجاب اب گلوبل سطح پر جارہا ہے،جرائم کی شرح نیچے آئی ، خواتین خود کو محفوظ تصور کر رہی ہیں،ہتک عزت قوانین بنادئیے اب کسی کی پگڑی نہیں اچھلے گی۔

مریم نواز نے کہا پہلی مرتبہ پنجاب کوپ30 میں بطور مبصر نہیں ،باقاعدہ طور پر شریک ہورہا ہے، ستھراپنجاب دنیا کا منظم ویسٹ مینجمنٹ پروگرام ،پنجاب میں ای موبلٹی شروع ہوچکا ، الیکٹرک بسیں اور الیکٹرک بائیک لائے ،ٹرانسپورٹ کو بتدریج گرین انرجی پر شفٹ کیا جارہا ہے، ٹورازم، وائلڈ لائف ،ماحولیات میں بہتری کےلئے خاطرخواہ کام کیے ، سموگ میں کمی ،خاتمے کےلئے اقدامات کو دنیا تسلیم کررہی ہے، برازیل کے شہر بیلم میں کوپ 30 اجلاس میں اپنے پراجیکٹ پیش کریں گے۔