پارلیمنٹ سپریم ،صوبائی خودمختاری پر ڈاکہ منظور نہیں، وزیر اعلیٰ کے پی


اسلام آباد،پشاور: (بیورورپورٹ) وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے کہا ہے صوبائی خودمختاری پر ڈاکہ منظور نہیں ، پارلیمنٹ سپریم ادارہ ، عمران خان سے ملاقات کیلئے آواز اٹھاوں گا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہابانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کیا،عدالتی حکم کے باوجودملنے نہیں دیا گیا،لیڈر سے ملاقات میرا حق ہے، جمہوری راستے اختیار کر رہا ہوں،صوبائی خودمختاری پر کوئی حملہ برداشت نہیں کریں گے، جمہوریت کو کمزور کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائیں گے،وزیراعلیٰ کے پی نے کہا پی ٹی آئی جمہوریت ،آئین کی محافظ ہے،اسمبلی میں آنے کا مقصد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے قرارداد کی منظوری ہے، سپیکر سے بھی کہوں گا عمران خان سے ملنا ضروری ہے۔

دریں اثناسینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا آرٹیکل 151 کے تحت بین الصوبائی تجارت تمام صوبوں کا آئینی حق ہے، کسی صوبے کو خوراک ،اجناس کی ترسیل روکنے کا کوئی اختیار نہیں، سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر عوام کے رزق پر سیاست نہیں ہونی چاہیے،گندم کامسئلہ حل کرنے کےلئے بین الصوبائی ہم آہنگی ضروری ہے۔