غیر معروف سیاستدان سے کم عمر ترین میئر بننے تک کا تاریخی سفر


نیویارک:(بیورورپورٹ)ظہران ممدانی نے غیر معروف سیاستدان سے کم عمر ترین میئر بننے تک کا تاریخی سفر طے کیا۔

محض ایک سال پہلے تک ظہران ممدانی نیویارک کی سٹیٹ اسمبلی کے نسبتاً غیر معروف رکن رہے ، میئر بننے کی کوشش سیاسی مبصرین کی نظر میں دور کی بات سمجھی جاتی تھی مگر مہم کے ہر مرحلے پر حمایت میں اضافہ ہوتاچلا گیا، رضاکاروں کی تعداد بڑھی ، انتخابی فنڈز ریکارڈ سطح پر پہنچے ، آخرکار ڈیموکریٹک پرائمری اور عام انتخابات دونوں میں کامیابی حاصل کرکے نیویارک سٹی کے 111 ویں میئر منتخب ہو گئے۔

2024 کے موسم گرما میں ظہران ممدانی نے مختلف لیبر رہنماوں، اتحادیوں ،میڈیا شخصیات سے ملاقاتیں شروع کیں، چائے کے کپ پر ہونے والی بات چیت سے میئر کےلئے باضابطہ مہم کی بنیاد پڑی،23 اکتوبر 2024 کو ممدانی نے باقاعدہ مہم کا آغاز کیا،3اہم پالیسی نکات پیش کیے، نیو یارک بھر میں مفت بس سروس، بچوں کی مفت نگہداشت اور گھروں کا کرایہ منجمد کرنا شامل ہے۔

4 دسمبر 2024 کو سینکڑوں رضاکار ممدانی اے کی پہلی ٹاو¿ن ہال میٹنگ میں شامل ہوئے، 14 جنوری 2025 کو 6 لاکھ 42 ہزار ڈالرز کے ایکشن فنڈز جمع کر کے ممدانی تمام امیدواروں سے آگے نکل گئے،یکم مارچ 2025 کو اینڈریو کومو میئر کےلئے میدان میں اترے،12 مارچ کو ٹرمپ کی بارڈر پالیسی پر احتجاج کی ویڈیو وائرل ہوئی، ممدانی شریک رہے، 24 گھنٹوں میں 2.5 لاکھ ڈالر مزید چندہ ہو گیا۔

24 مارچ کو ظہران ممدانی انتخابی چندہ جمع کرنے کی حد پوری کرنے والے پہلے امیدوار بنے،24 جون کو ڈیموکریٹک پرائمری میں ممدانی غیر متوقع طور پر بڑی برتری سے کامیاب ہوئے، اینڈریو کومو نے شکست مان لی پھر 14 جولائی کو کومو نے بطور آزاد امیدوار میئر الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔