امریکہ نے غزہ میں عالمی فوج کی تعیناتی کیلئے اقوام متحدہ سے منظوری مانگ لی


واشنگٹن: (بیورورپورٹ)امریکہ نے غزہ میں عالمی فوج کی تعیناتی کیلئے اقوام متحدہ سے منظوری مانگ لی،سلامتی کونسل سے درخواست کی گئی غزہ میں بین الاقوامی سکیورٹی فورس (ISF) قائم کرنے کی منظوری دی جائے جو کم از کم 2سال کےلئے تعینات رہے گی۔

یو این ایس سی کے رکن ممالک کوارسال کی گئی امریکی قرارداد میںفورس کے اختیارات، ذمہ داریاں اور قیام کی تفصیلات شامل ہیں، فورس غزہ بورڈ آف پیس کے مشورے سے تشکیل دی جائےگی، صدارت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کریں گے۔

ڈرافٹ کے مطابق فورس کو غزہ کی سرحدی سکیورٹی، عام شہریوں ،امدادی راہداریوں کا تحفظ، فلسطینی پولیس کی تربیت، علاقے کو غیر عسکری بنانے کی ذمہ داری سونپی جائے گی، فورس کو اختیار ہوگا اپنے مینڈیٹ کی تکمیل کےلئے بین الاقوامی قوانین کے مطابق تمام ضروری اقدامات کرے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ISF نفاذی فورس ہوگی، امن مشن نہیں،مقصد غزہ میں عبوری سکیورٹی فراہم کرنا ہے تاکہ اسرائیل بتدریج علاقے سے انخلا کرے اور فلسطینی اتھارٹی اصلاحات کے بعد انتظام سنبھال سکے،قرارداد میں تجویز کیا گیا غزہ کی سول انتظامیہ غیر سیاسی ٹیکنوکریٹ کمیٹی کے ذریعے چلائی جائے گی، انسانی امداد اقوام متحدہ، ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔