لاہور (اپنے رپورٹر سے) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے سروسز ہسپتال لاہور میں پرائیویٹ رومز کا افتتاح کیا۔اس موقع پر سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں ایک تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر پرنسپل پروفیسر زہرہ خانم، پروفیسر اسد اسلم خان، ایم ایس ڈاکٹر عابد محمود غوری، پروفیسر شہزاد انور و دیگر فیکلٹی ممبران موجود تھے۔تقریب کے دوران سیلاب متاثرہ علاقہ جات میں فرائض سر انجام دینے والے ڈاکٹرز و سٹاف کو تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویڑن کے مطابق ہسپتالوں کے حالات میں مسلسل بہتری لائی جا رہی ہے۔عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ حکومت پنجاب صحت کے شعبہ میں تاریخی اقدامات اٹھا رہی ہے۔سیلاب متاثرہ علاقہ جات میں فرائض سر انجام دینے والے ڈاکٹرز کو سلام پیش کرتے ہیں۔ حالیہ سیلاب کے دوران تاریخی ریسکیو آپریشن کیا گیا۔سیلاب کے دوران ریسکیو آپریشن میں شعبہ صحت، پاک فوج، ریسکیو، پولیس، پی ڈی ایم اے و تمام متعلقہ اداروں نے اپنا بنیادی کردار ادا کیا۔ فیلڈ میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سمیت کابینہ ممبران اور ادارے مسلسل متحرک رہے۔ سیلاب متاثرین کا انخلائ، ریسکیو و دیگر معاملات ایک چیلنج تھا لیکن رب العزت کی خاص مہربانی سے ہزاروں لوگوں کو سہولیات فراہم کی گئیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت اور انتظامیہ کی بروقت حکمت عملی سے ہزاروں سیلاب متاثرین و جانوروں کی جانیں بچا سکے۔ خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر مزید کہاکہ ہسپتالوں میں دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھ کر ہم دنیا و آخرت حاصل کر سکتے ہیں۔کوشش ہے کہ کسی ہسپتال میں بھی آنے والے مریضوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
حکومت پنجاب صحت کے شعبہ میں تاریخی اقدامات اٹھا رہی ہے: خواجہ سلمان رفیق

















