عالمی کانفرنس مسائل کے حل کیلئے بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگی: کمشنر ساہیوال

ساہیوال(بےورورپورٹ)پنجاب آرٹس کونسل ساہیوال ڈویژن کے زیر انتظام چھٹی عالمی کانفرنس کی تیاریوں کا آغازکر دیا گیا۔ یہ کانفرنس آئندہ سال 12 اور 13 فروری کو منعقد ہو گی۔ اس عالمی کانفرنس کا مرکزی موضوع ”ماحولیات، ادب اور ثقافت.... ایک نئے مکالمے کی تلاش“ ہے۔یہ بات ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی نے کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت کمشنر آفس میں منعقدہ ایک مشاورتی اجلاس میں بتائی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینشین ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر پبلک ریلشنز عقیل اشفاق، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر عمران جعفر کمیانہ، یونیورسٹی آف ساہیوال کے ڈاکٹر اکرام احمد،سماجی شخصیت ضیاءالرحمن خان،کامسیٹس سے عثمان ناصر اور رفاہ یونیورسٹی کیمپس سے وقاص یونس نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں کانفرنس کے انتظامات اور تحقیقی موضوعات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے امید ظاہر کی کہ یہ کانفرنس عالمی سطح پر ماحولیاتی مسائل خصوصاً ساہیوال ڈویژن کو درپیش مقامی چیلنجز جیسے سیلاب کی روک تھام، دریا کے کناروں کا کٹاو اور پانی کے وسائل کی دیکھ بھال پر غور و خوض کیلئے ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مقالات میں ان مقامی مسائل کو بھی اجاگر کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس صرف ادبی نہیں بلکہ ایک علمی پلیٹ فارم ثابت ہونی چاہئے جہاں تخلیقی سوچ کو بروئے کار لاتے ہوئے ماحولیاتی مسائل کا پائیدار حل تلاش کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تخلیقی ذہنوں کو ماحولیات کے مسئلے سے جوڑنا ہے تاکہ سائنس اور آرٹ کے امتزاج سے ایک مثبت بیداری لائی جا سکے۔ ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی نے کہا کہ علمی اردو کانفرنسز کا انعقاد ساہیوال آرٹس کونسل کی جانب سے ادب کے فروغ کی ایک اور کڑی ہے جسے بھرپور انداز سے منعقد کیا جائیگا۔