بھارتی نژاد اعلیٰ امریکی عہدیدار جاسوسی کے الزامات میں گرفتار

واشنگٹن:(خواجہ فاروق)بھارتی نژاد اعلیٰ امریکی عہدیدار جاسوسی کے الزامات میں گرفتار، دوران تلاشی گھر سے 1000سے زائد صفحات پر مشتمل خفیہ دفاعی دستاویزات برآمد،اہم انکشافات سامنے آگئے۔

رپورٹس کے مطابق، ایشلے جے ٹیلِس امریکی حکومت میں بھارت، پاکستان اور جنوبی ایشیا سے متعلق پالیسی سازی کے کلیدی مشیر رہ چکے ہیں، گرفتاری کو نہ صرف واشنگٹن بلکہ بھارت کےلئے بھی بڑا سفارتی دھچکا قرار دیا جا رہا ہے،ٹیلِس بھارتی شہر ممبئی میں پیدا ہوئے اور بعد ازاں شکاگو یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کرنے کے بعد امریکی شہریت حاصل کی، نیشنل سکیورٹی کونسل اور محکمہ خارجہ میں اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے اور واشنگٹن میں بھارت نواز پالیسی کے معماروں میں شمار کیا جاتا تھا۔

ایف بی آئی کے مطابق تلاشی کے دوران ٹیلِس کے گھر سے ایک ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل خفیہ دفاعی دستاویزات برآمد ہوئیں جن میں امریکی فضائیہ کی صلاحیتوں، عسکری منصوبوں اور حکمت عملی سے متعلق حساس معلومات شامل تھیں، نگرانی کی ویڈیوز میں محکمہ دفاع اور خارجہ سے فائلیں چھپا کر لے جاتے ہوئے بھی دیکھا گیا،امریکی اداروں کے مطابق ٹیلِس نے چینی حکام سے متعدد خفیہ ملاقاتیں کیں، لفافے اور تحائف کے بیگ دیے جاتے رہے تاہم تاحال یہ ثابت نہیں ہوا کہ انہوں نے کوئی معلومات منتقل کیں لیکن خفیہ معلومات کی غیر مجاز تحویل سنگین جرم ہے، 10 سال قید اور بھاری جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔