آزاد کشمیر میں بھارتی سازشیں غرق،امن ،معمولات زندگی بحال،بازار کھل گئے

مظفر آباد،اسلام آباد:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)آزاد کشمیر میں بھارتی سازشیں غرق،امن ،معمولات زندگی بحال،بازار کھل گئے،کامیاب مذاکرات کے بعد دونوں فریقین نے معاہدے پر دستخط کردئیے، اعلان مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا گیا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر وزیراعظم رانا ثنا نے کہا معاملہ خوش اسلوبی سے طے پا گیا ،عوامی ایکشن کمیٹی کے جائز مطالبات منظور کر لئے،فریقین کے درمیان معاملات طے کرنے کیلئے لیگل ایکشن کمیٹی قائم کردی، لیگل ایکشن کمیٹی ہر 15 دن بعد بیٹھے گی۔

حکومتی کمیٹی کے رکن و وفاقی امیر مقام نے کہامذاکرات کی کامیابی سے بھارت کے مذموم عزائم خاک میں مل گئے،خونریزی کی بھارتی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی،معاملات خوش اسلوبی سے طے پاگئے ،مذاکرات کی کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف کے مشکور ہیں، کشمیری عوام سے بہن بھائی کا رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا، پاکستان مقبوضہ کشمیر کے حق خودارادیت کےلئے حمایت جاری رکھے گا، آزاد کشمیر میں پیش آنےوالے واقعات پر افسوس ہے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا آزاد کشمیر میں معمولات زندگی بحال ہوچکے ، مذاکرات میں پاکستان ،آزاد کشمیر کے مفادکو مدنظر رکھا گیا، محدود وسائل میں مشکلات کو حل کرنے کی پوزیشن میں ہیں، مذاکرات میں کامیابی آزاد کشمیر کے عوام اور جمہوریت کی جیت ہے،انتظامی ڈھانچے میں کمی وکوتاہی کو دور کیا جانا چاہیے، وفاقی حکومت کیے وعدے پورے کرے گی،آزاد کشمیر کے عوام مبارکباد کے مستحق ہیں۔

احسن اقبال نے کہا مقامی و قومی قیادت کی دانائی ،مکالمے کی روح نے بحران کو پر امن انداز میں حل کردیا، تشدد کو ہوا ملی نہ تقسیم ہوئی ،باہمی احترام کےساتھ راستہ نکالا گیا،تصادم کی بجائے مشاورت اور انا کی بجائے یکجہتی کو ترجیح دی،سب ملکر آزاد جموں کشمیر میں بہتر حکمرانی و ترقی کےلئے ساتھ ساتھ کام کریں گے۔

وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا معاہدے کے بعد کشمیر میں امن بحال ہوگیا،مسائل کے حل کیلئے وفاقی حکومت فنڈز فراہم کرے گی،کامیاب مذاکرات کے بعد تمام سڑکیں کھل گئیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا پاکستان ،آزاد کشمیر کے عوام میں کوئی دراڑ نہیں ڈال سکتا، آزادکشمیر جوائنٹ کمیٹی کے مطالبات حل کیے جائیں گے،وزیراعظم شہبازشریف نے آزادکشمیر کے معاملے پر فوری کمیٹی تشکیل دی،کشمیر کے عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں، مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کیے گئے،مسائل نفرت نہیں،محبت سے ہی حل ہوتے ہیں، پاکستان ،کشمیر یک جان دو قالب ہیں،ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے،کچھ لوگ امید لگائے بیٹھے تھے معاملے کو بگاڑا جائے لیکن تمام تر منصوبے ناکام ہوگئے، کشمیر میں امن قائم کرنا سب کی ذمہ داری ہے، کمیٹی تشکیل دےدی اب کسی کو سڑکوں پر آنے کی ضرورت نہیں ، کوئی مسئلہ یا شکایت ہو توکمیٹی کے سامنے پیش کریں۔

دریں اثنا طے پانے والے معاہدے کے مطابق پرتشدد واقعات سے ہونےوالی اموات پر انسداد دہشتگردی کے تحت مقدمات درج ہوں گے ،جاں بحق افراد کے لواحقین ،زخمیوں کو معاوضہ دیا جائے گا،وفاقی وزرا ،جوائنٹ ایکشن کمیٹی معاہدے کے تحت 30 دن میں مظفرآباد ،پونچھ ڈویژن میں 2 اضافی سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ بنائے جائیں گے ، موجودہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کو 90 دن میں اصل شکل و عدالتی فیصلے کے مطابق کیا جائے گا،آزاد کشمیر حکومت 15 دن کے اندر صحت کارڈ کےلئے فنڈز جاری کرے گی، بجلی کا نظام بہتر بنانے کےلئے حکومت پاکستان 10 ارب فراہم کرے گی۔

نکات کے مطابق آزاد کشمیر کابینہ کا سائز کم کر کے 20 وزرا ، مشیروں تک محدود ،سول ڈیفنس کے محکموں کو ایس ڈی ایم اے ،احتساب بیورو، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کو ضم کیا جائے گا، آزاد کشمیر کے احتساب ایکٹ کو حکومت پاکستان کے نیب قوانین کے مطابق بنایا جائے گا،حکومت پاکستان آزاد کشمیر میں 2 سرنگوں کی فزیبلیٹی رپورٹ تیار کرے گی، پراجیکٹ کو پی سی ون کے مطابق سعودی ڈیویلپمنٹ فنڈ میں ترجیح دی جائے گی۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں مذاکرتی عمل کی کامیابی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا سازشیں،افواہیں آخر کار دم توڑ گئیں،امن کا قیام اور حالات کا معمول پر آنا خوش آئند ہے،مذاکراتی کمیٹی کے اراکین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،حکومت کشمیری بھائیوں کے مسائل حل کرنے کےلئے ہر وقت تیار ہے۔

شہبازشریف نے کہا عوامی مفاد و امن ترجیح ہے، آزاد کشمیر کی خدمت کرتے رہیں گے، کشمیری بھائیوں سے گزارش ہے افواہوں پر کان دھرنے سے گریز کریں، پہلے بھی کشمیری بہن بھائیوں کے حقوق کے محافظ تھے اور آئندہ بھی رہیں گے۔

دریں اثنا عوامی ایکشن کمیٹی اور حکومت کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد معمولات زندگی بحال ہوگئے،مظفر آباد، باغ آزاد کشمیرو دیگر علاقوں میں موبائل فون سروس بحال ،کاروباری مراکز کھل گئے ،ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے،سرکاری دفاتر میں ملازمین کی حاضری بھی معمول پر آگئی۔