سختیوں نے عمران خان کا عزم مزید مضبوط بنادیا،بشریٰ


لاہور: (خبر نگار) سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ نے کہا ہے اڈیالہ جیل کی سختیوں اور غیر انسانی حالات کے باوجود عمران خان کا عزم مزید مضبوط ہو گیا ،حوصلہ ٹوٹا نہیں۔

پارٹی ذرائع کے مطابق بشریٰ نے اپنے پیغام میں کہاعمران خان پھانسی کے منتظر قیدیوں کیلئے مخصوص کمرے میں قید ہیں،گھٹن زدہ کمرہ ایک بستر اور چھوٹے واش روم پر مشتمل ہے، ہوا کا گزر ہے نہ حرکت کی جگہ، روزانہ 18 گھنٹے تنہائی میں بند رکھا جاتا ہے، پہریداروں کو حکم ہے عمران خان سے بات تک نہ کریں۔

سابق خاتون اول نے کہا کھانے کو بھی اذیت کا ذریعہ بنا دیا گیا ، غیر تربیت یافتہ باورچیوں کو کھانا پکانے پر مامور کر دیا جاتا ہے ،جیسے ہی وہ ضروریات سمجھنے لگتے ہیں تبدیل کر دیا جاتا ہے، ٹی وی ،کتابوں تک کی اجازت نہیں دی ،مقصد انسانی تعلقات ختم کرنا اور ذہنی تشدد کو بڑھانا ہے،ہر منگل کو عمران خان امید کےساتھ ملاقات کا انتظار کرتے ہیں لیکن اکثر آخری لمحے پر ملاقات منسوخ ،مقدمات کی سماعتیں بھی طے کر کے ملتوی کر دی جاتی ہیں۔

بشریٰ نے اقدام ”اعلیٰ درجے کا ذہنی تشدد“ قرار دیتے ہوئے کہا صرف قید نہیں بلکہ منظم کوشش ہے عمران خان کے حوصلے کو توڑا جائے ،مشکلات کےساتھ عمران خان کا عزم مزید مضبوط اور عوام کی محبت بڑھ رہی ہے،موجودہ صورتحال تاریخ کا سیاہ باب ہے،عمران خان آزمائش کو صبر کےساتھ سہہ رہے ہیں۔