پشاور (مشرق نیوز) خیبرپختونخوا کے دو اضلاع ٹانک اور شمالی وزیرستان سے بیک وقت پولیو کے دو نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق صوبے میں اس سال پولیو کیسوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد میں قائم ریجنل ریفرنس لیبارٹری برائے انسداد پولیو نے خیبر پختونخوا میں پولیو کے دو نئے کیسوں کی تصدیق کی۔
ضلع ٹانک کی یونین کونسل مولازئی میں 16 ماہ کے عمر کی ایک بچی اور ضلع شمالی وزیرستان کی یونین کونسل میران شاہ میں دو سال کے عمر کی ایک بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔ اس سال ملک بھر میں پولیو کیسوں کی مجموعی تعداد اب 23 ہوگئی جن میں خیبرپختونخوا سے 15 پولیو کیسوں کے ساتھ سر فہرست ہے جبکہ سندھ سے 6 جبکہ پنجاب اور گلگت بلتستان سے ایک، ایک کیس رپورٹ ہوا۔
دوسری جانب پشاور میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم یکم ستمبر سے شروع ہوگی۔ ڈویژنل ٹاسک فورس کے تحت انسداد پولیو مہم کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، قبائلی ضلع مہمند اور ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنرز کو ازخود پولیو مہم کی نگرانی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔
کمشنر پشاور کا کہنا تھا کہ پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کیلئے فل پروف انتظامات اور انسداد مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
خیبرپختونخوا سے پولیو کے دو نئے کیس رپورٹ

















