قلات،کوچ پر فائرنگ، دستی بم حملہ، 3مسافر جاں بحق،متعدد زخمی

کوئٹہ،ڈی آئی خان،لکی مروت،اسلام آباد:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)قلات میں کوچ پر فائرنگ ،دستی بم حملہ،3 مسافر جاں بحق ،متعدد زخمی ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق مقامی ٹرانسپورٹ کمپنی کی مسافر کوچ کراچی سے کوئٹہ جارہی تھی ،قلات کے علاقے نیمرغ کراس کے قریب قریبی پہاڑوں پر چھپے دہشتگردوںنے روکنے کی کوشش کی نہ روکے جانے پر فائرنگ کےساتھ دستی بم بھی پھینکے ،3 مسافر جاں بحق ،متعدد زخمی ہوگئے ،لاشوں ،زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا،2زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث اموات بڑھنے کاخدشہ ہے۔

پولیس ،ایف سی نے دہشتگردوںکی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا،ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے آئی جی ،ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ سے رپورٹ طلب کرلی۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہاجاں بحق مسافروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت اور زخمی مسافروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کرتے ہیں ، فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا بے گناہ ،معصوم مسافروں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ فعل ہے،فتنہ الہندوستان کے دہشتگرد سافٹ ٹارگٹ کو نشانہ بنا کر امن کو سبوتاژ کرنے کی گھناو¿نی سازش کر رہے ہیں، قوم کی حمایت سے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کی ہر سازش ناکام بنائیں گے۔

ادھر ڈی آئی خان میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی فائرنگ سے 2پولیس اہلکار شہید،جوابی کارروائی میں ایک دہشتگرد ہلاک،2زخمی ہوگئے،ہلاک دہشتگرد کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔

مزید برآں لکی مروت کے علاقے وانڈا امیر میں بیٹنی آئل فیلڈ سے پنجاب جانےوالی مین گیس پائپ لائن کو دہشتگردوں نے دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا،سکیورٹی اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔