گھریلو جھگڑا خونریزی میں تبدیل، بھائی کے ہاتھوں بھائی، بھابی،بھتیجا قتل

ڈی آئی خان (مشرق نیوز) گھریلو لڑائی خونریزی میں تبدیل ہو گئی جس میں ایک بھائی نے اپنے دوسرے بھائی، بھابی اور بھتیجے کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ پولیس کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کرک کے علاقے نارہ بانڈہ میں گھریلو تنازع خونریز واقعے میں تبدیل ہو گیا، جہاں ایک شخص نے اندھادھند فائرنگ کر کے اپنے سگے بھائی، بھابی اور کمسن بھتیجے کو بیدردی سے قتل کر دیا۔

واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کئے اور لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔ ایس پی تفتیش کرک اشفاق خان کے مطابق واقعہ خاندانی تنازع کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم مزید تفتیش جاری ہے اور جلد تمام حقائق سامنے لائے جائیں گے۔