ایران کےساتھ معاہدہ متوقع،یورینیم افزودگی پروگرام دوبارہ شروع کیاتو پھرحملہ کریں گے،ٹرمپ

واشنگٹن،دی ہیگ،تل ابیب:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے ایران نے یورینیم افزودگی کا پروگرام دوبارہ شروع کیاتو پھرحملہ کریں گے۔

دی ہیگ میں نیٹو سمٹ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا جنگ بندی کی تھوڑی بہت خلاف ورزی ہوئی تھی تاہم اب اسرائیل ایران سیزفائر پر اچھے سے عمل ہورہا ہے ،جنگ بندی کے بعد میرے کہنے پراسرائیلی طیارے واپس آگئے ،اسرائیل کا جنگ سے پیچھے ہٹنا خوش آئند ہے،ایران میں اہم کامیابیاں سمیٹیںجو سب کےلئے اہم ہیں،فردو جوہری سائٹ پراب تباہی کے سوا کچھ نہیں،تہران کو کسی صورت یورینیم افزودگی کی اجازت نہیں دی جاسکتی اب ایران طویل عرصے تک ایٹمی مواد نہیں بناسکے گا ،جوہری ہتھیاربنانا بہت مشکل ہے۔

امریکی صدر نے کہاجنگ بندی ایران کیلئے بھی فتح ہے ان کا ملک بچ گیا، ایرانی حملوں سے اسرائیل میں عمارتیں تباہ ہوئیں،تہران پرحملہ کرکے جنگ ختم کردی اب اگر ایران یورینیم افزودگی کا پروگرام دوبارہ شروع کرے تو پھر حملہ کریں گے،غزہ کے معاملے پر بھی بڑی پیشرفت ہورہی ہے۔

دریں اثنا سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے اعتراف کیا ایران نے بہادری سے جنگ لڑی، اگلے ہفتے مذاکرات اور معاہدہ ہو سکتا ہے،ایرانی قیادت سے ملاقات طے ہے تاہم ملاقات میں اب کسی معاہدے کی ضرورت نہیں رہی،شاید کوئی معاہدہ کریں،اہم یہ ہے ایران نے جنگ لڑی لیکن اب جنگ بندی ہے اور وہ بات چیت کےلئے راضی ہیں،کامیاب حملے میںایرانی جوہری تنصیبات مکمل تباہ کردیںامن کیلئے جو ہوسکا کیا،امریکی حملے کی وجہ سے ایران اسرائیل کی جنگ بندی ہوئی ،دونوں ملک تھک چکے،دوبارہ جنگ نہیں ہوگی۔

امریکی صدر نے کہااسرائیل کو آخری چند دنوں میں بڑی مار پڑی، ایرانی بیلسٹک میزائلوں نے تباہی مچائی،کھربوں ڈالرز خرچ کرکے کام کو انجام دیا اب کچھ مالی بوجھ دیگر نیٹو ممالک کو بھی اٹھانا ہوں گے،امریکہ نے ایران پر حملہ نہ کیا ہوتا تو اسرائیل کے ساتھ جنگ اب بھی جاری رہتی ہیروشیما ،ناگاساکی کیمثال نہیں دینا چاہتالیکن بنیادی طور پر امریکی حملہ وہی چیز تھی جس نے ایران اسرائیل جنگ کا خاتمہ کیا،نیو یارک ٹائمز ،سی این این نے بہت غلط خبریں شائع کیں دونوں کو کوئی نہیں پوچھتا، امریکی حملوں سے ایران کئی سال پیچھے چلا گیا، مجھے یقین ہے فردو میں سب کچھ ختم ہو گیا،امریکی فوج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے ، شاندار فتح ملی، ایرانی اٹیمی تنصیبات پر امریکی آبدوزوں سے میزائل داغے، ایرانی جوہری تنصیبات اب فعال نہیں رہیں گی، ایران کے تمام میزائلوں کو مار گرایا۔

ٹرمپ نے کہا ایران کے قطر پر حملوں سے کوئی نقصان نہیں پہنچا، قطر میں امریکی ایئر بیس کو پہلے ہی خالی کردیا گیا تھا ،ایئر بیس پر 14 میزائل داغے گئے،امریکہ کے پاس دنیا کے بہترین ہتھیار موجود ہیں ،قیام امن کیلئے بھر پور کردار ادا کیا،نیٹو کانفرنس شاندار رہی، تمام رہنماوں سے ملاقات ہوئی، امریکی حملے کی وجہ سے خطے میں امن وامان ہوا، اتحادیوں کو جنگی سازو سامان کیلئے مزید رقم خرچ کرنی چاہیے،نیٹو کے رکن ممالک بجٹ کا 5 فیصد دفاع پر خرچ کریں گے، نیٹو کے دفاعی بجٹ میں اضافہ تاریخی اقدامات ہیں۔

امریکی صدر نے کہاایران کو تعمیر نو کیلئے پیسوں کی ضرورت ہے، چین کی مرضی ہے ایران سے تیل خریدتا ہے یا نہیں،پیوٹن اور یوکرینی صدر کے ساتھ مسائل ہیں ،سعودی عرب اور یو اے ای نے اربوں ڈالر سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ،غزہ معاملے پر نمایاں پیشرفت ہو رہی ہے،اسرائیل ،حماس کے درمیان تقریباً 2سال سے جاری جنگ جلد اختتام کو پہنچ سکتی ہے،خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف نے بتایاجنگ بندی معاہدہ ممکنہ طور پر طے پانے کے قریب ہے،بہت اچھی خبریں آنے والی ہیں۔

دریں اثنا امریکی مندوب برائے مشرق وسطیٰ سٹیو وٹکوف نے دعویٰ کیا امریکہ ،ایران کے درمیان جامع امن معاہدہ ہونے والا ہے ،تہران کوآئندہ یورینیم افزودہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،ایرانی جوہری تنصیبات پر حالیہ امریکی فضائی حملے کا مقصد صرف ایک تھا اور وہ تھا ایران کو جوہری افزودگی کے قابل نہ چھوڑنا،امن چاہتے ہیں لیکن ایسا کوئی معاہدہ قابل قبول نہیں ہوگا جس میں ایران کو یورینیم افزودگی کا اختیار دیا جائے،امریکہ چاہتا ہے ایران جوہری ہتھیاروں کے راستے پر دوبارہ نہ جا سکے۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ایران نے ایٹمی منصوبے کی دوبارہ کوشش کی تو ناکام بنائیں گے،وجود کیلئے 2خطروں ایٹمی و میزائل منصوبے کو ختم کر دیا، ایران کےخلاف تاریخی کامیابی نسلوں تک یاد رہے گی،اسرائیل کو آج تک وائٹ ہاوس میں ٹرمپ سے بہتر کوئی دوست نہیں ملا، حماس کو شکست دیں گے اور غزہ سے زندہ ،مردہ یرغمالیوں کو واپس لائیں گے۔