پاک فوج نے بھارت کو تاریخی سبق سکھا کر پاکستان کا سر فخر سے بلند کردیا :سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور (اپنے رپورٹر سے )سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی فضائیہ، بری اور بحری افواج نے بھارت کو تاریخی سبق سکھایا ہے اور افواج پاکستان نے شاندار طریقے سے دنیا کے آگے قوم کا سر فخرسے بلند کر دیا ہے۔ پنجاب یونیورسٹی ادارہ تعلیم و تحقیق کے زیر اہتمام ’مستقبل کی تعلیم: چیلنجز اور مواقع‘ کے موضوع پر تین روزہ بارہویں بین الاقوامی کانفرنس آن ریسرچ اِن ایجوکیشن کی افتتاحی تقریب سے فیصل آڈیٹوریم میں خطاب کیا۔اپنے خطاب میں سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے فرنٹ لائن سٹیٹ کا کردار ادا کیا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی فوج اور عوام نے 90ہزار سے زائد جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور اربوں ڈالر کا نقصان اٹھایا تو پھر بھارت کیسے پاکستان پر دہشت گردی کا الزام لگا سکتا ہے۔ سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ بغیر ثبوت کے الزام لگا کربھارت نے رات کے اندھیرے میں ہماری خودمختاری پر حملہ کیا اور یکطرفہ طور پر پاکستان کے پانی کو روکا۔ پاکستان نے دنیا کے سامنے اپنی مہارت اور جرات کا مظاہرہ کیا۔ سپیکر ملک احمد خان نے مزید کہا کہ میری زندگی میں آج کا دور سب سے قابل فخر ہے۔ موجودہ دور ٹیکنالوجی کی برتری کا دور ہے،حالیہ پاک بھارت جنگ میں ٹیکنالوجی نے اہم کردار ادا کیا۔ پاک بھارت جنگ میں جو بیانیہ میرے نوجوانوں نے بنایا اسے دنیا نے تسلیم کیا۔ ہمارے دورمیں سکول ایجوکیشن سسٹم میں ٹیکنالوجی نہیں تھی۔ ٹیکنالوجی کے ساتھ مہارت سیکھنا ہمارے زندہ رہنے اور ترقی کی علامت ہے۔سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ نئی نسل کی خوش قسمتی ہے کہ جدیدٹیکنالوجی کے ساتھ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ مجھے پنجاب یونیورسٹی کی کانفرنس میں شرکت پر بہت خوشی ہوئی۔ آپ کیلئے جدیدعلم حاصل کرنا بہت ضروری ہے۔دوسری طرف سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پنجاب اسمبلی میں ملاقات کی۔ برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد کی پولیٹیکل کونسلر زو ویئر، لاہور آفس کے سربراہ مسٹر بین وارنٹن اور سینئر پولیٹیکل ایڈوائزر مسٹر اویس شاہ بھی موجود تھے۔ دونوں رہنماو¿ں کے درمیان خواتین کے حقوق و بااختیاری، جمہوری استحکام، معاشی خوشحالی، قانون سازی میں اشتراک اور پارلیمانی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے برطانیہ کے تعمیری کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان علاقائی امن و سلامتی کیلئے پرعزم ہے اور کبھی بھی ایسا کوئی اقدام نہیں اٹھائے گا جو علاقائی ہم آہنگی کو متاثر کرے۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ملکی معیشت کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پاکستان جمہوریت، شفافیت اور قانون کی حکمرانی کے اصولوں پر مکمل کاربند ہے۔ اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی نے معزز مہمان کو اسمبلی کی قانون سازی کے طریقہ کار، کمیٹی سسٹم، پارلیمانی روایات اور تاریخی اہمیت سے بھی آگاہ کیا۔برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور خطے میں پائیدار امن کیلئے تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چوہدری عامر حبیب اور پرنسپل سیکرٹری برائے سپیکر، جناب عماد حسین بھلی بھی موجود تھے۔ دورے کے اختتام پر سپیکر ملک احمد خان نے معزز مہمان کو پنجاب اسمبلی کے ایوان کا دورہ بھی کرایا۔