لاہور ( اپنے رپورٹر سے )سروسز ہسپتال لاہور کے فیصل مسعود ٹاور میں سہولیات کا فقدان، صفائی کے ناقص انتظامات، گندے واش روم، سنٹرل اے سی سسٹم کی خرابی نے بھی سب پول کھول دئیے، عرصہ دراز سے خراب اے سی ابھی تک ٹھیک نہیں ہو سکے جس کی وجہ سے داخل مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ گرمی کی تمازت میں اضافے کی وجہ سے ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹرز بھی بے ہوش ہوگئے۔ ان تمام حالات میں اصلاح احوال کی بجائے انتظامیہ خامو ش تماشائی کا کردار ادا کرنے لگی۔ تفصیلات کے مطابق فیصل مسعود ٹاور میں صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث آپریشن تھیٹرز میں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز، نرسنگ سٹاف، پیرا میڈکل سٹاف، ہاﺅس جاب اور پی جی آر ڈاکٹرز کو زیر علاج مریضوں کے علاج میں شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ اے سی سسٹم کی خرابی کی وجہ سے آپریشن بھی تاخیر کا شکار ہورہے ہیں۔ شعبہ نیور و لوجی، نیورو سرجری، ڈرماٹالوجی، ریڈیالوجی میں واقع آپریشن تھیٹرز جن کی تعداد 8 ہے، کے اے سی سسٹم مدت سے خراب ہیں۔ علاوہ ازیں صفائی کے ناقص انتظامات اور کھٹملوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے جس سے مریض مزید بیمار ہورہے ہیں۔ اس موقع پر مریضو ں کے لواحقین محمد حسنین ، گلزار احمد ، طیب سلیم ، گل بادشاہ اور شمیم اللہ دتہ نے روزنامہ ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصل مسعود ٹاور میں ہمیں شدید مشکلات کا سامنا ہے، سنٹرل اے سی سسٹم کی خرابی کی وجہ ہمارے مریضوں کے آپریشن ابھی تک نہیں ہوئے جس کی وجہ سے ہم اپنے مریضوں کو ہسپتال میں داخل کروا کر مشکل میں پھنس گئے ہیں۔ پچھلے چار ہفتوں سے سنٹرل ای سی سسٹم کے خراب ہونے کے وجہ سے پریشانی کا سامنا ہے، ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں کواسکے بارے شکایات کے باوجود ابھی تک اسکا کوئی حل نہیں نکلا اور ہمارے داخل مریضوں کے آپریشن بھی اس وجہ سے نہیں ہو رہے۔ اپنے گھروں سے دور مریضوں کی صحت یابی کیلئے پریشان ہو کر رہ گئے ہیں۔ گل بادشاہ اور شمیم اللہ دتہ نے کہا کہ فیصل مسعود ٹاور میں واقع 8 آپریشن تھیٹرزمیں اے سی سسٹم کی خرابی ہمارے مریضوں کیلئے کسی عذاب سے کم نہیں۔ ہم دور دراز کے علاقوں سے آئے ہیں کہ ہمارے مریضوں کیلئے سروسز ہسپتال بہتر علاج گاہ ہے لیکن یہاں اپنے مریضوں کو داخل کروا کر مصیبت میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔ یہ ہم نے پہلی بار کسی سرکاری ہسپتال میں ایسا نظام دیکھا ہے کہ آٹھ کے آٹھ آپریشن تھیٹرز میں ائیر کنڈیشنزڈ خراب پڑے ہوئے ہیں۔ جس کی وجہ سے ہمارے آپریشن لیٹ ہو رہے ہیں روزانہ کی بنیاد ہمیں کوئی نہ کوئی نئی تاریخ دی جا رہی ہے جو ہمارے لئے پریشانی کا باعث ہے۔
دوسری طرف ایم ایس سروسز ہسپتال لاہور ڈاکٹر عابد محمود غوری سے اس خبر کے بارے میں متعدد بار کال کی گی لیکن انہوں نے ایک کال کا بھی جواب نہیں دیا۔ اگر وہ اس خبر کے بارے میں اپنا موقف دینا چاہیں تو ادارہ من و عن اس کو شائع کرے گا۔
سروسز ہسپتال فیصل مسعود ٹاور میں سہولیات کا فقدان، گندگی کے ڈھیر، سنٹرل اے سی سسٹم خراب، آپریشن تھیٹرز میں کام بند


















