دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو مٹا نہیں سکتی: رضوان سعید شیخ

واشنگٹن (بیورو رپورٹ) امریکہ میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہاہے کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو مٹا نہیں سکتی۔واشنگٹن میں یوم تشکر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ خطے میں کشیدگی کے اثرات سے عالمی برادری بخوبی واقف ہے۔رضوان سعید شیخ نے کہا کہ امریکی قیادت نے کشیدگی میں کمی لانے کیلئے نمایاں کردار ادا کیا، واقعاتی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے پہل گام کا سکرپٹ پہلے سے لکھا جا چکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمران علاقائی تسلط کی دیرینہ خواہش کا برملا اظہار کرتے رہے ہیں، بھارتی پارلیمنٹ میں اکھنڈ بھارت کا نقشہ علاقائی تسلط پسندانہ عزائم کا ثبوت ہے۔ان کا کہنا ہے کہ 22 اپریل سے آج تک پاکستان کو وہ ثبوت نہیں دیے گئے جو ہم مانگ رہے ہیں، پہل گام واقعہ کے فوراً بعد بھارتی قیادت اور ذرائع ابلاغ نے طبل جنگ بجانا شروع کر دیا۔رضوان سعید شیخ نے کہا کہ بارہا سمجھانے کے باوجود بھارت نے جارحیت کا مظاہرہ کیا اور خواتین و بچوں کو نشانہ بنایا، بھارت کا مسجدوں کو نشانہ بنائے جانے کا عمل حد درجہ اشتعال انگیز تھا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارتی جارحیت کے سامنے افواج اور عوام سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہو گئے، بھارتی قیادت ناصرف خود ناکام ہوئی بلکہ اس نے رافیل کو بھی فیل کروادیا۔