پاکستان ،کینیڈا کے مابین تجارت بڑھانے کا بہترین وقت ہے : چوہدری شافع

لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے کینیڈا کے ایکٹنگ ہائی کمشنر مسٹر ڈینیل آرسینلٹ نے مقامی ہوٹل میں ملاقات کی جس میں پاکستان اور کینیڈا کے مابین تجارت بڑھانے کے امور پر بات چیت ہوئی۔صوبائی وزیر نے پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے مابین تجارت بڑھانے کا بہترین وقت ہے اسلئے کینیڈا کے سرمایہ کار پنجاب کے مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ مختلف شعبوں میں جوائنٹ وینچر کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکٹرک وہیکلز،انفارمیشن ٹیکنالوجی،ٹیکسٹائل،زراعت،مائننگ اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس پنجاب کے ترجیحی سیکٹر ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں گارمنٹ سٹی بنایا جارہا ہے جہاں حکومت صنعتی یونٹس لگانے کےلئے عمارات بناکر رینٹ پر دیگی۔ دریں اثناءصوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ آسان کاروبار فنانس اور وزیر اعلیٰ آسان کاروبار کارڈ سکیموں کے بارے میں سٹیئرنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس پیسک ہاوس میں منعقد ہوا جس میں بلاسود قرضوں کی دونوں سکیموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ ایم ڈی پیسک سائرہ عمر نے سکیموں پر پیش رفت بارے بریفننگ دی۔ سیکرٹری صنعت و تجارت عمر مسعود،صدر بنک آف پنجاب ظفر مسعود، محکمہ خزانہ،اربن یونٹ کے حکام اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ آسان کاروبار فنانس اور وزیر اعلیٰ آسان کاروبار کارڈ سکیموں کے بارے اہم فیصلے بھی کئے گئے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی بلاسود قرضوں کی سکیموں کے تحت قرضوں کے حصول کیلئے لاکھوں افراد نے درخواستیں دی ہیں۔آسان کاروبار فنانس سکیم کے تحت 3کروڑروپے تک کے بلاسود قرضے دئیے جارہے ہیں جبکہ آسان کاروبار کارڈ سکیم کے تحت 10لاکھ روپے تک بلا سود قرضے کی سہولت موجود ہے۔یہ دونوں سکیمیں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے فروغ کیلئے معاون ثابت ہورہی ہیں۔ بلاسود قرضوں کی یہ دونوں سکیمیں انتہائی کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر آسان کاروبار فنانس اور آسان کاروبار کارڈ سکیموں کو انتہائی سہل بنایا گیا ہے اور وزیر اعلیٰ کاروبار فنانس سکیم کے تحت ضرورت کے مطابق قرضے دئیے جارہے ہیں۔ صوبائی وزیر کو بریفننگ کے دوران بتایا گیا ہے کاروبار فنانس کیلئے 80 ہزار سے زائد افراد کی قرض کی درخواستیں منظور ہوچکی ہیں جبکہ کاروبار فنانس اور کاروبار کارڈ سکیموں کے ذریعے 34ہزار سے زائد کاروباری افراد کو قرص جاری ہوچکے ہیں۔اسی طرح آسان کاروبار کارڈ سکیم کے تحت ایک لاکھ 4ہزار کارڈ منظور ہوچکے ہیں۔