لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے صحت کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہاہے کہ پنجاب کی عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے پر عزم ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شعبہ صحت میں تاریخی اور انقلابی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج و معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ عالمی یوم صحت پر عوام کو صحت اور علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ پنجاب میں ”صحتمند پنجاب“ وژن کے تحت جامع ہیلتھ ریفارمز کو کامیاب بنائیں گے۔ بڑے ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے بھر پور اور موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔پہلی مرتبہ عوام کو ان کی گھر کی دہلیز پر ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ دوسری طرف خواجہ سلمان رفیق نے کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر نے او پی ڈی میں مریضوں سے ملاقات کی اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔خواجہ سلمان رفیق نے ایمرجنسی، وزیر اعلیٰ کمپلینٹ کاو¿نٹر، پرچی کاو¿نٹرز، میڈیسن سٹور، زنانہ و مردانہ وارڈز و دیگر شعبہ جات کا دورہ کیا۔اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر عدنان القمر بھی موجود تھے۔صوبائی وزیرصحت نے ادویات کی دستیابی بارے اظہار اطمینان کیا۔انہوں نے مریضوں کی آسانی کیلئے کیو مینجمنٹ سسٹم کو فعال کرنے اور مریضوں کیلئے بینچوں کا انتظام کرنے کی ہدایت کی۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ کوٹ خواجہ سعید ہسپتال میں مریضوں کی قطاروں کے رش میں کمی کیلئے کیو مینجمنٹ سسٹم کا نظام فعال کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں خواجہ سلمان رفیق نے گورنمنٹ لیڈی ولنگٹن ہسپتال میں ورلڈ ہیلتھ ڈے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔خواجہ سلمان رفیق نے لیڈی ولنگٹن ہسپتال کی زیرتعمیر نئی عمارت کا بھی دورہ کرکے پیشرفت کاجائزہ لیا۔اس موقع پر وائس چانسلر کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی پروفیسرمحمودایاز،ایم ایس،پروفیسرابراراشرف ودیگر فیکلٹی ممبران موجودتھے۔لیڈی ولنگٹن ہسپتال کی سائٹ پر آئی ڈیپ کی ٹیم نے صوبائی وزیر کو تازہ پیش رفت بارے بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ صحت کے عالمی دن کے موقع پر ہم سب کو عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کا اعادہ کرنا ہے۔ انسان کی صرف نیک نیتی سے ہی کئی مسائل حل ہو جاتے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہترکرنے کی مسلسل کوشش کرر ہی ہیں۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ میں اور سیکرٹری صحت روزانہ کی بنیاد پر ہسپتالوں کا دورہ کررہے ہیں۔کوشش ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں کسی مریض کو کوئی پریشانی نہ اٹھانی پڑے۔حکومت پنجاب شعبہ صحت کی بہتری کیلئے میگا پراجیکٹس لے کر آئی ہے۔پاکستانی تاریخ میں پہلی مرتبہ پنجاب کی عوام کیلئے ائیرایمبولینس متعارف کروائی گئی ہے۔صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ حکومت پنجاب نئے سرکاری ہسپتال بنانے کے ساتھ ساتھ پری وینشن پر بھی کام کررہی ہے۔لیڈی ولنگٹن ہسپتال کی نئی عمارت کوریکارڈمدت میں مکمل کیاجارہاہے۔
وزیر اعلیٰ ویژن کے مطابق طبی شعبہ میں تاریخی اور انقلابی اقدامات جاری ہیں: خواجہ سلمان رفیق

















