پنجاب میں صحت کا نیا دور شروع ہوگیا:سلمان رفیق/ عمران نذیر

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر محکمہ صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے عیدالفطر کے موقع پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہا کہ عالم اسلام کو عیدالفطر کی خوشیاں بہت بہت مبارک ہوں۔ عیدالفطر کے پر مسرت موقع پر مستحق افراد کو اپنی خوشیوں میں ضرور یاد رکھیں۔ عیدالفطر کے موقع پر اپنی خوشیاں قربان کرکے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی خدمت کرنے والے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ پاکستانی سرحدوں کی حفاظت کرنے والے اپنے پیاروں سے دور قوم کے بیٹوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ عیدالفطر کے موقع پر اپنے پیاروں سے خوشیاں بانٹیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں حقیقی معنوں میں پاکستان کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائیں۔ دریں اثناءصوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر عیدالفطر کے موقع پر چلڈرن ہسپتال لاہور پہنچ گئے۔ اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر مسعود صادق، پرو وائس چانسلر پروفیسر جنید رشید، ایم ڈی چلڈرن ہسپتال پروفیسر ٹیپو سلطان و دیگر فیکلٹی ممبران موجود تھے۔ صوبائی وزرائے صحت نے چلڈرن ہسپتال میں کیک کاٹا اور معصوم بچوں کو تحائف پیش کئے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ چلڈرن ہسپتال لاہور میں معصوم بچوں کے ساتھ عیدالفطر کی خوشیاں بانٹنے آئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں ملک و قوم کی حقیقی معنوں میں خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر چلڈرن ہسپتال لاہور میں بچوں کے ہمراہ عیدالفطر کی خوشیاں بانٹنے آئے ہیں۔صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر عیدالفطر کے موقع پر گنگارام ہسپتال لاہور پہنچ گئے۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری رشدہ لودھی، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل، ایم ایس ڈاکٹر عارف افتخار و دیگر فیکلٹی ممبران موجود تھے۔ صوبائی وزرائے صحت نے گنگارام ہسپتال میں کیک کاٹا اور مختلف وارڈز میں مریضوں کو تحائف پیش کئے۔ صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کا عیدالفطر کے موقع پر میو ہسپتال لاہور کا دورہ ہوا۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری رشدہ لودھی، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، سی ای او میو ہسپتال پروفیسر ہارون حامد، پروفیسر ابرار اشرف، ایم ایس ڈاکٹر احتشام الحق و دیگر فیکلٹی ممبران موجود تھے۔ خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے میو ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ، بچوں کے وارڈ و دیگر شعبہ جات کا دورہ کیا۔ صوبائی وزرائے صحت نے میو ہسپتال کے مختلف وارڈز میں مریضوں کو تحائف پیش کئے اور مٹھائی تقسیم کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان نے کہا ہے کہ عیدالفطر کے موقع پر سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی خدمت کرنے والے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ میو ہسپتال لاہور سمیت سرکاری ہسپتالوں کے حالات بتدریج بہتر ہو رہے ہیں۔ میو ہسپتال لاہور میں مریضوں کے ہمراہ عیدالفطر کی خوشیاں بانٹ رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں ملک و قوم کی حقیقی معنوں میں خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویڑن کے مطابق عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف شعبہ صحت کی بہتری کیلئے تاریخی اقدامات اٹھا رہی ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو ریلیف دینا مشن ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر میو ہسپتال لاہور میں مریضوں کے ہمراہ عیدالفطر کی خوشیاں بانٹنے آئے ہیں۔ اپنے پیاروں سے دور سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی خدمت کرنے والے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو شاباش دیتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتر کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہیں۔ اس موقع پر وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز نے کہا ہے کہ دعا ہے کہ ارض پاک کے ہر فرد کو سکون و عافیت اور صحت و تندرستی عطا ہو۔ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سے ملحقہ 9 ہسپتالوں میں دکھی مریضوں کا مفت علاج معالجہ تسلسل سے جاری ہے۔دوسری طرف سلمان رفیق نے رحیم یار خان کے علاقہ گلشن عثمان میں ایک فاسٹ فوڈ پوائنٹ پر ایل پی جی سلنڈر کے دھماکے کے افسوسناک واقعہ پر اظہار افسوس کیا ہے۔ دھماکہ کے زخمیوں کو نشتر ہسپتال اور پاک اٹیلیئن برن سنٹر ملتان شفٹ کیا گیا ہے۔ پرنسپل نشتر ہسپتال ملتان اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاک اٹیلیئن برن سنٹر ملتان کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ سینیئر ڈاکٹرز کی ٹیم زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے میں مصروف ہے۔ زخمیوں کے اہل خانہ کی سہولت کی خاطر ایک انفارمیشن کاونٹر بھی قائم کیا گیا ہے۔