ساہیوال (چوہدری اشرف سے) صوبائی وزیر صحت سپیشلائزڈ ہیلتھ خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا فوکس عوام کوعلاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے پر ہے اور وزیر اعلیٰ ہیلتھ کارڈ کے ذریعے نادار مریضوں کا مفت علاج جاری ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارسیکرٹری ہیلتھ عظمت محمود کے ہمراہ ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے ایمرجنسی، اوپی ڈی، میڈیکل وارڈ، فارمیسی، ڈائیلسز سنٹر انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا معائنہ کیا۔ چیئرمین وزیر اعلیٰ ٹاسک فورس ڈاکٹر فرقد عالمگیر، ایڈیشنل سیکرٹریز طارق محموداور انواربریاراور ڈپٹی سیکرٹری حماد الرب بھی ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر صحت نے ڈائیلاسز سنٹر میں مریضوں میں وزیر اعلیٰ ڈائیلاسز کارڈ تقسیم کئے۔ انہوں نے کہا کہ ڈائیلاسز سنٹر میں مریضوں کوعلاج کی بہترین سہولیات کی فراہمی قابل تحسین ہے۔ سیکرٹری ہیلتھ عظمت محمود نے کہا کہ صوبائی حکومت ٹیچنگ ہسپتالوں میں سالانہ 210 ارب روپے صرف تنخواہوں کی مد میں خرچ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کا ڈیوٹی آوورمیں نجی کلینکوں پر کام کرنا لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیڈآف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹرز کی ڈیوٹی پر موجودگی ہر صورت ضروری بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادویات کی کمی کی کوئی شکایت برداشت نہیں کی جائیگی۔ سیکرٹری صحت عظمت محمود نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو جون تک فنکشنل کردیا جائیگا جبکہ ڈائیلاسز سنٹر کو 20 نئی مشینیں فراہم کی جائیں گی۔ پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد عمران حسن خان اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نثار احمد سعیدی نے ہسپتال میں سروسز کی فراہمی بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عمران حسن خان نے کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ کو فنکشنلکرنے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عمارت کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جبکہ مشینوں کی خریداری کا عمل جاری ہے۔
حکومت عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے، سلمان رفیق

















