پنجاب کا میڈیکل سسٹم سب سے بہتر ہے:سلمان رفیق/ عمران نذیر

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزراءصحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے یونیورسٹی آف لاہور کے 16 ویں کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر مسعود صادق، اویس روف، عزیر روف، ڈاکٹر زاہد پرویز، ڈاکٹر عاطف کاظمی، فیکلٹی ممبران اور طلباءو طالبات اور والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔کانووکیشن کے دوران 225 فریش گریجوایٹس کو ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کی ڈگریاں ایوارڈ کی گئیں ۔کانووکیشن کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباءو طالبات کو گولڈ میڈلز سے بھی نوازا گیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کانووکیشن کی تقریب سے اپنے خطاب میں کہاکہ مجھے فخر ہے کہ میرے آباواجداد نے اس ملک کی بنیاد میں اپنا حصہ ڈالا تھا۔ پاکستان میں میڈیکل ایجوکیشن انتہائی اہم ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام، چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام اور چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام حکومت پنجاب کے فلیگ شپ منصوبہ جات ہیں۔ ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ کا جذبہ کے ساتھ ہی پاکستان ترقی کر سکتا ہے۔ زندگی کے شعور کیلئے علم حاصل کرنا انتہائی اہم ہے۔ پاکستان میں پنجاب کا میڈیکل سسٹم الحمدللہ سب سے بہتر ہے۔ میاں شہباز شریف کی قیادت میں فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی، راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی، فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی اور نشتر میڈیکل یونیورسٹی کی بنیاد رکھی۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ہمارے معاشرے میں ڈاکٹرز کو بڑی عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ پنجاب میں میڈیکل فیکلٹی ایک خاندان کی مانند ہے۔ دریں اثناءصوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کے حوالہ سے اہم اجلاس منعقدہواجس میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا پر جاری پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران متعلقہ حکام نے خواجہ سلمان رفیق کو بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آئی ڈیپ کو نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کا او پی ڈی 30 جون 2025 تک کھولنے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے۔ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کے مکمل پراجیکٹ کی 31 دسمبر ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔ حال ہی میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے نواز شریف نے انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کی زیر تکمیل عمارت کا دورہ کیا تھا۔ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا تقریباً 200 بستروں پر مشتمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا پراجیکٹ پر 8 ارب 84 کروڑ 60 لاکھ روپے لاگت آئیگی۔آئی ڈیپ کو نوازشریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا پراجیکٹ کو ہر صورت مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ذیشان شبیر رانا، ڈاکٹر محمد عدنان خان، ڈاکٹر فرقد عالمگیر، وڈیو لنک کے ذریعے وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر مسعود صادق و آئی ڈیپ کے افسران نے شرکت کی-