کک بیکس ،ہیرے کی انگوٹھیاں وصول کرنا کہاں کی پیری مریدی ہے؟،عظمیٰ بخاری


لاہور:( اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہاہے کک بیکس ،ہیرے کی انگوٹھیاں وصول کرنا کہاں کی پیری مریدی ہے؟،بنی گالہ کے درباری ظل تباہی کی کرپشن پر پردے ڈال کر اپنی نوکریاں بچا رہے ہیں، سر سے پاوں تک کرپشن میں ڈوبا شخص مذہب کارڈ کھیل رہا ہے۔

بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہاپوری دنیا کا میڈیا بشمول امریکہ، یورپ اور بھارت کرپٹ میاں بیوی کے القابات سے نواز رہا ہے،عدالت نے اپنے تفصیلی فیصلے میں بانی پی ٹی آئی کو بددیانت ، کرپٹ پریکٹسز کا مرتکب قرار دیا، ملک کا وزیراعظم ہو کر کسی بھی ادارے کا ٹرسٹی ہونا سنگین جرم ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا بانی کے چیلے ، چمچوں کو ابھی بھی اپنے آقا کی کرپشن نظر نہیں آرہی،خاتون اول ہو کر 28 کروڑ کے کک بیکس اور 5قراط ہیرے کی انگوٹھیاں وصول کرنا کہاں کی پیری مریدی ہے؟اپنی چوریاں اور کرپشن مذہب کی آڑ میں نہیں چھپائی جا سکتیں،پوری قوم نے قیدی ،اہلیہ کی حقیقت جان لی۔