ملازمین کش پالیسیوں نے احتجاج پر مجبور کر دیا:آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس


لاہور:(خبر نگار) آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس(آگیگا) پنجاب کی مجلس عاملہ کا اجلاس چیئرمین خالد جاوید سنگھیڑہ کی زیر صدارت ہوا،اجلاس میں پروفیسر فائزہ رعنا، ضیاءنیازی، چودھری بشیر احمد وڑائچ، رانا انوار الحق، مختار گجر، ثمینہ ناز، ڈاکٹر طارق کلیم، کاشف شہزاد چودھری، رانا لیاقت علی، ذوالقرنین ملک، رانا احمد حسین، اقبال ندیم پھل، راجہ کامران عزیز، لیاقت بیگ، افضل مغل، منیر سندھو، ڈاکٹر طارق بلوچ، حسن رشید، انجم جیمز پال ودیگر نے شرکت کی۔

خالد جاوید سنگھیڑہ،پروفیسر فائزہ رعنا و دیگر نے متفقہ طور پر چارٹر آف ڈیمانڈ اور احتجاجی شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا موجودہ حکومت کی ملازمین کش پالیسیوں اور بے حسی نے پنجاب بھر کے ملازمین کو احتجاج پر مجبور کر دیا، گزشتہ 6 ماہ سے اساتذہ و ملازمین پر امن احتجاج کر رہے ہیں لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہوئی، ملازمین کو بڑھتی ہوئی مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ دینے کی بجائے پنشن وگریجویٹی ، لیو انکیشمنٹ میں کمی ، رول 17اے کو ختم اور فیملی پنشن میں غیر منطقی اصلاحات کر کے ملازمین کے معاشی حقوق پر شب خون مارا ہے جبکہ ملککے دیگر صوبوں میں اس طرح کا ظالمانہ سلوک نہیں کیا جا رہا ،صرف پنجاب میں ملازمین کے معاشی حقوق پر ڈاکہ سمجھ سے بالاتر ہے، پنجاب بھر کے 10 لاکھ سے زائد سرکاری ملازمین ظلم کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔