فوج کا پرتشدد ہجوم سے براہ راست کوئی ٹکراو نہیں ہوا ،وزارت داخلہ


اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) وزارت داخلہ نے کہا ہے پاک فوج کا پرتشدد ہجوم سے براہ راست کوئی ٹکراو نہیں ہوا، پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا مہم انتشار، بدامنی و تفرقہ بازی کو فروغ دے رہی ہے، اندرون و بیرون ملک ایسے عناصر کا متعلقہ قوانین کے تحت احتساب کیا جائیگا، پرتشدد مظاہرین سے 18 خودکار ہتھیاروں سمیت 39 مہلک ہتھیار برآمد ہوئے، پکڑے گئے شرپسندوں میں 3 درجن سے زائد غیرملکی اجرتی شامل ہیں، 3 رینجرز، ایک پولیس اہلکار کو شہید کیاگیا، پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر منظم پروپیگنڈہ شروع کردیا، من گھڑت سوشل میڈیا مہم کے دوران پرانے و آرٹی فیشل انٹیلی جنس سے تیار کردہ جھوٹے کلپس کا استعمال بھی کیا جارہا ہے، بدقسمتی سے غیر ملکی میڈیا کے بعض عناصر بھی پروپیگنڈے کا شکار ہو گئے۔

پریس ریلیز کے مطابق21 نومبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کو امن و امان ہر قیمت پر قائم رکھنے کی ہدایت دی، ہائیکورٹ نے وزیر داخلہ کو ہدایت کی پی ٹی آئی قیادت سے رابطہ کریں۔ بیلاروس کے صدر اور اعلیٰ سطح کے چینی وفد کے دورے کے پیش نظر پی ٹی آئی کو متعدد بار احتجاج موخر کرنے کا کہا گیا،احتجاج جاری رکھنے کی ضد پر سنگ جانی کے مقام کی تجویز دی، غیرمعمولی مراعات بشمول بانی سے ملاقاتوں کے باوجود عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی گئی، مظاہرین نے سنگ جانی کی بجائے اسلام آباد کے ریڈ زون میں داخل ہو کر قانون توڑا، پرتشدد مظاہرین نے پشاور تا ریڈ زون تک مارچ کے دوران ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو نشانہ بنایا، اسلحہ بشمول سٹیل سلنگ شاٹس، سٹین گرنیڈ، آنسو گیس شیل ،کیل جڑی لاٹھیوں وغیرہ کا استعمال کیا۔

وزارت داخلہ نے کہاپر تشدد احتجاج میں خیبر پختونخوا حکومت کے وسائل کا بھرپور استعمال کیا گیا۔ تربیت یافتہ شر پسند و غیر قانونی افغان شہری بھی شامل تھے، سخت گیر 1500 شرپسند براہ راست مفرور اشتہاری مراد سعید کے ماتحت سرگرم تھے، گروہ نے عسکریت پسندانہ حکمت عملی کا استعمال کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر حملہ کیا، صوبائی سرکاری مشینری کی مدد سے سڑک پر نصب رکاوٹیں ہٹا کر دوسرے شرپسند جتھوں کےلئے راستہ بنایا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے پر تشدد مظاہرین کےساتھ انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا ،قانون نافذ کرنےوالے اداروں کے 232 اہلکار زخمی ہوئے، پرتشدد مظاہرین نے سکیورٹی فورسز پر حملہ کیا، پولیس کی متعدد گاڑیوں کو آگ لگائی، آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد میں پاک فوج کو تعینات کیا گیا،پاک فوج کی تعیناتی کا مقصد اہم تنصیبات کو محفوظ ،غیر ملکی سفارت کاروں کی حفاظت اور دورے پر آئے اہم وفود کےلئے محفوظ ماحول کو یقینی بنانا تھا۔

پریس ریلیز میں کہاگیاپولیس ،رینجرز نے پرتشدد ہجوم کو منتشر کرنے کےلئے براہ راست گولیوں کا استعمال نہیں کیا،پاک فوج کاپر تشدد ہجوم سے براہ راست کوئی ٹکراو ہوا اور نہ ہی فسادیوں کو کنٹرول کرنے پر تعینات تھی، منتشر کرنے کے عمل کے دوران قیادت کے ہمراہ مسلح گارڈز، مظاہرین کے مسلح شرپسندوں نے اندھا دھند فائرنگ کی،خود ساختہ پر تشدد حالات میں پی ٹی آئی قیادت نے صورتحال سنبھالنے کی بجائے راہ فرار اختیار کیا، مظاہرین کے علاقے سے فرار کے فوری بعد وزیرداخلہ و اطلاعات نے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا۔

وزارت داخلہ نے کہا کہ پروپیگنڈے میں مبینہ ہلاکتوں کی ذمہ داری قانون نافذ کرنے والے اداروں پر ڈالنے کی مذموم کوشش کی جا رہی ہے۔ وفاقی دارالحکومت کے بڑے ہسپتالوں کی انتظامیہ نے ہلاکتوں تردید کردی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر پاکستانی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے صوبائی اسمبلی کو اداروں کےخلاف بے بنیاد و اشتعال انگیز بیانات کےلئے استعمال کیا، جیل وینز کو آگ لگانے کےساتھ قانون نافذ کرنےوالے اداروں کی 11 گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، پرتشدد مظاہروں کے دوران ابتدائی اندازوں کے مطابق سینکڑوں ملین کا نقصان ہوا، تشدد مظاہروں کی وجہ سے معیشت کو بالواسطہ نقصانات کا تخمینہ 192 ارب یومیہ ہے، پاکستان بشمول خیبر پختونخوا کے قابل فخر عوام پرتشدد سیاست، بے بنیاد الزامات و بد نیتی پر مبنی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں، پوری پاکستانی قوم ملک میں امن و استحکام کی خواہش کےساتھ یکجا کھڑی ہے۔