لاہور (خبر نگار) تمام تدبیریں اور دعوﺅں کے باوجود ضلعی انتظامیہ صوبائی دارلحکومت میں مصنوعی مہنگائی کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنرز کی تعداد بڑھنے کے بعد بھی شہر کے انتظامی کنٹرول پر دسترس حاصل نہ کی جاسکی ہے جس کے باعث پورا ضلع اشیائے خورونوش کے سرکاری نرخوں کے اعتبار سے شتر بے مہار ہو چکا ہے۔ جبکہ انتظامیہ کی عدم دلچسپی کی وجہ سے شہر بھر کے ناجائز منافع خور اور مصنوعی مہنگائی کرنے والے آزاد ہو گئے ہیں تاہم اس صورتحال کے پیش نظر شہر کا انتظامی کنٹرول جعلی پرائس مجسٹریٹوں نے سنبھال لیا ہے۔ دکاندار جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹوں سے مک مکا کر کے ڈی سی نرخوں پر اشیائے خورونوش فروخت کرنے سے گریزاں ہیں۔ ذرائع کے مطابق متعدد نوٹیفائیڈ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اپنی پرائس چیکنگ کی کارروائیاں پرائیویٹ اہلکاروں سے کروا رہے ہیں، ڈی سی لاہور کی جانب سے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو پرائس چیکنگ کی کارروائیوں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہ کرنے کے حکم کے بعد اکثر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس پرائیویٹ افراد کے ذریعے کارروائیاں کروا رہے ہیںجس کی وجہ یہ سامنے آئی ہے کہ کام کے دباﺅ اور افسروں کی لمبی لمبی میٹنگز کی وجہ سے تھکاوٹ غالب آجاتی ہے جس کی وجہ سے موقع پر جا کر مہنگائی کا خاتمہ کرانا ممکن نہیں رہتا ، جس کا نقصان یہ ہو رہا ہے کہ جعلی مجسٹریٹس دکانداروں سے مک مکا کرلیتے ہیں اور مہنگائی کا طوفان کنٹرول ہونے سے رہ جاتا ہے۔
صوبائی دارالحکومت میں مصنوعی مہنگائی بے قابو، جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا مک مکا
















