29ستمبر کو دھرنوں کااعلان،بجلی بلوں کے بائیکاٹ پر ریفرنڈم کرائیں گے:نعیم الرحمن

لاہور:(اپنے نمائندے سے)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے 29ستمبر کو پورے ملک کی شاہراو¿ں پر دھرنوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا حکومت نے راولپنڈی معاہدہ پر عمل درآمد نہیں کیا، جماعت اسلامی بجلی بلوں کے بائیکاٹ پر ریفرنڈم کرائے گی۔

معاہدے کے 45روز مکمل ہونے پر منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نعیم الرحمن نے کہا اکتوبر میں پہیہ جام ہڑتال اور اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کے آپشن بھی زیرغور ہیں، 23سے 27 اکتوبر تک عوامی ریفرنڈم ہوگا، پھرپہیہ جام کا اعلان کر سکتے ہیں، ملک بھر سے لانگ مارچز کا آغاز ہوگا اور بڑے قافلہ کی صورت میں اسلام آباد جائیں گے، اس موقع پر سیکرٹری جنرل امیرالعظیم، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، ڈائریکٹر سوشل و ڈیجیٹل میڈیا سلمان شیخ بھی موجود تھے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا حکومت جعلی مینڈیٹ اور فارم 47سے بنی ہے اور جماعت اسلامی تسلیم نہیں کرتی مگر اب چونکہ یہی لوگ مسلط ہیں تو عوامی ریلیف کے حصول کےلئے انہیں ہی مجبور کیا جائےگا، عوام کا پیمانہ صبر جواب دے چکا ہے، یہ لاوا کسی وقت بھی پھٹ سکتا ہے،جماعت اسلامی انارکی نہیں چاہتی اسی لیے عوام کو منظم کرکے پرامن احتجاج کا راستہ اختیار کیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا حکومت ہوش کے ناخن لے اور بجلی و گیس کے بلوں، پٹرول کی قیمتوں پر عوام کو فوری ریلیف دے، اسٹیبلشمنٹ کو طاقتور اور سیاسی امور میں مداخلت کا راستہ اسٹیبلشمنٹ کے گملوں میں پلنے والے سیاستدانوں اور سیاسی پارٹیوں نے فراہم کیا، مسئلہ کا حل پرامن عوامی جدوجہد اور اصلاحات ہیں اور جماعت اسلامی اسی کےلئے کوشاں ہے،موجودہ الیکشن کمیشن مکمل طور پر ناکام ہوچکا اور جنرل الیکشن کے علاوہ سندھ اور کراچی کا بلدیاتی الیکشن بھی اس کی ناکامی اور جانبداری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔