وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن پر عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں :خواجہ سلمان رفیق

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے سرگودھا میں زیر تعمیر نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر جاری پیشرفت کا جائزہ لینے اچانک دورہ کیا۔صوبائی وزیر صحت نے جاری منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیر صحت کو متعلقہ انجینئرز اور افسران نے بریفنگ دی۔اس موقع پر ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر مشتاق بشیر اور سی ای او ہیلتھ سرگودھا ڈاکٹر اسلم اسد بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا اور اس کے ملحقہ علاقوں کیلئے بہت بڑی نعمت اور سہولت ثابت ہوگا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے متعلقہ افسران کو مقررہ مدت میں کام مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔ دریں اثناءصوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں رکن پنجاب اسمبلی و وائس چیئرمین ایل ڈی اے مرغوب احمد، ایم ایس ڈاکٹر شعیب اسلم اور پی آئی ٹی بی سے نوشین و دیگر افسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں آنے والے مریضوں کی آسانی کیلئے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا۔ متعلقہ افسران نے اس حوالہ سے بریفننگ دی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ پی آئی سی کے او پی ڈی اور ایمرجنسی سمیت دیگر شعبہ جات میں مریضوں کی آسانی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ پی آئی ٹی بی کو کنسلٹنٹس کی جدید آئی ٹی ٹریننگ کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پی آئی سی کے ایمرجنسی کاو¿نٹرز میں اضافے بارے بھی سوچا جا رہا ہے۔ دل کے مریضوں کیلئے ادویات کی فراہمی کے نظام کو بھی مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔ پی آئی سی میں کیو مینجمنٹ کے نظام کو مکمل فعال کرنے کی ضرورت ہے۔