سپریم کورٹ کو تباہ کرنے کی کوشش ہوئی تو تحریک شروع کرینگے،عمران خان

راولپنڈی:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی آئی عمران خان نے کہا ہے سپریم کورٹ کو تباہ کرنے کی کوشش ہوئی تو ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کریں گے۔

صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہاادارہ سب کا ہے صرف آرمی چیف کا نہیں، پوری قوم کےلئے اہم ہے ادارہ مضبوط ہو جو کام دشمن نہیں کر سکا وہ خود کر کے ادارے کو نقصان پہنچا رہے ہیں، اداروں پر کرپٹ اور نااہل لوگ بٹھا دئیے جائیں تو قوم تباہ ہوجائےگی ایسا کونسا ایٹم بم پھٹا 3سال میں کرکٹ بنگلہ دیش سے نیچے چلی گئی اور تباہ ہوگئی؟ آپ نے سفارشی بٹھا دئیے، محسن نقوی کی کیا قابلیت ہے، کرکٹ کا بیڑا غرق کر دیاگیا، رمیز راجہ میرا رشتہ دار نہیں ،پروفیشنل کرکٹر تھا۔

بانی پی ٹی آئی نے کہاچیف جسٹس نے اڑھائی ماہ سے نیب ترامیم اپیل کا فیصلہ محفوظ کررکھا ہے، انتظار کیا جا رہا ہے مجھے 190 ملین پاونڈ ریفرنس میں سزا ہو تو نیب ترامیم کا فیصلہ سنائیں، نیب ترامیم کیخلاف اپیل کے باعث شہباز 4، نواز 5،زرداری اور فرنٹ مینوں کے 9 ریفرنس فریز ہیں،نیب نے القادر یونیورسٹی کا بڑا ڈونیشن بند کردیا تاکہ یونیورسٹی بند ہوجائے اگر القادر یونیورسٹی بند ہوگئی تو میرا کوئی نقصان نہیں ہوگا، شوکت خانم ہسپتال بند ہو گیا تو مریضوں کو 10 گنا زائد خرچ کر کے علاج کرانا پڑے گا۔