دشمن کو ناکام بنانے کیلئے اختلافات بھلا کر صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا :خواجہ عمران نذیر

لاہور(ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ یوم دفاع ہمارے شہداءکی قربانیوں کو یاد کرنے اور انکو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ستمبر 1965 میں پاک فوج اور قوم نے بزدل دشمن کے ناپاک ارادے خاک میں ملا دئیے تھے۔اس وقت ہماری قوم میں اتحاد و اتفاق مثالی تھا، آج وہی نظم و ضبط اپنی صفوں میں لانا ہوگا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے ان خیالات کا اظہار یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے منعقدہ تقریب یوم دفاع و شہداءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں چیئرمین یونیک گروپ پروفیسر عبدالمنان خرم، فیکلٹی کے ممبران اور طلباءطالبات کثیر تعداد میں موجود تھی۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود پاک فوج نے جانوں کا نذرانہ دیکر دشمن فوج کو شکست سے دو چار کیا۔انہوں نے کہا کہ مذہبی تفرقہ اور سیاسی تقسیم سے قومیں منتشر ہو جاتی ہیں جن کے باعث ملک ترقی نہیں کرتے۔ خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے کہ آزادی کی قیمت و افادیت غزہ اور کشمیر کی ماں سے پوچھئے جو ہر روز دشمن کی جارحیت کا سامنا کررہی ہیں۔دشمن کی یلغار سے بچنے کے لئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ دشمن پراپیگنڈہ اور سوشل میڈیا کے استعمال سے انتشار پیدا کرکے ہماری قوم کو تقسیم کرنے کی ناپاک کوشش کررہا ہے۔انہوں نے اعادہ کیا کہ ائیے عہد کریں جو ملکی ترقی کے راستے میں آئے گا، ہم سب اسکو سختی سے روکیں گے۔نوجوان ہمارے ملک کا مستقبل ہیں، ہمیں خود اپنا ملک سنوارنا ہوگا۔یوم دفاع کی تقریب سے چیئرمین یونیک گروپ پروفیسر عبدالمنان اور پروفیسرز نے بھی خطاب کیا۔بعدازاں پروفیسر عبدالمنان خرم نے صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کو شیلڈ پیش کی۔