راولپنڈی:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہاہے برے و قت میں ساتھ چھوڑنے والوں کیلئے واپسی کاراستہ بند کردیا ،پارٹی میںکوئی جگہ نہیں۔
صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہافیصلہ سازوں کو ملک کی فکر نہیں، صوبائیت کا بڑا خطرہ ہے، بلوچستان میں دہشتگردی پر پنجاب میں احتجاج کرایا گیا،سیاسی جماعتیں عوام کو اکٹھا کر سکتی ہیں، فوج نہیں اگر ایسا ہوتا تو مشرقی پاکستان نہ ٹوٹتا، پی ٹی آئی ملک کی واحد جماعت ہے جو چاروں صوبوں میں موجود اور عوام کو متحد کرسکتی ہے،ن لیگ ،پیپلز پارٹی بوٹ کو عزت نہ دیں تو ختم ہو جائیں۔
سابق وزیراعظم نے کہارواں سال تاریخ کی سب سے کم سرمایہ کاری آئی،دہشت گردی اور بڑھتے جرائم میں کون سرمایہ کاری کرے گا،آمدن نہیں ،قرض بڑھ رہے ہیں، ملک تباہی کی جانب جا رہا ہے، دوسری جانب دہشت گردی بڑھ رہی ہے، کوشش ہونی چاہیے بلوچوں کو ساتھ لے کر چلیں،فراڈ الیکشن کی وجہ سے سیاسی عدم استحکام کا شکار ہیں۔
عمران خان نے کہاساتھ چھوڑنے والوں کیلئے پی ٹی آئی میں کوئی جگہ نہیں،برے وقت میں ساتھ چلنے والے تسلی رکھیں، کسی کا نام نہیں لیتا جو سیدھا سادا پارٹی کو چھوڑ کر گئے ان کو واپس نہیں لوں گا۔
دریں اثنا کیس کی سماعت کے دوران صحافیوں کو روکے جانے پر عمران خان نے ایک بار پھر کمرہ عدالت میں احتجاج کیا،کمرہ عدالت میں عمران خان نے کہا کیسا اوپن ٹرائل ہے ریگولر کور یج کرنے والے صحافیوں کو روکا جا رہا ہے، عدالت نے صحافیوں کو کوریج میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت کر دی۔
ادھر احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاونڈز ریفرنس پر سماعت کی، عمران ،بشریٰ کو پیش کیا گیا،وکلا صفائی کی جانب سے 190 ملین پاونڈز ریفرنس کے تفتیشی افسر عمر ندیم پرپھر جرح مکمل نہ ہوسکی،نیب کا جواب نہ آنے پر بشریٰ کے وکیل عثمان گل کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی ،عدالت نے 190ملین پاونڈز ریفرنس پرسماعت 4 ستمبر تک ملتوی کردی، آئندہ سماعت پر بھی وکلا صفائی تفتیشی افسر پر جرح جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاعمران خان پر جیل میں سختی شروع کردی گئی ،فیملی کے لوگوں کو اندر نہیں جانے دیا جاتا،چاہتے ہیں عمران خان کو 190 ملین پاونڈز کیس میں جلد سزا دےدی جائے، 190 ملین پاونڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی کو سزا ہوگی تو ہائی کورٹ سے ضمانت میں لگ جائینگے، القادر ٹرسٹ کو بند کرینگے تو نقصان تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کاہوگا۔
ساتھ چھوڑنے والوں کیلئے واپسی کاراستہ بند ،پارٹی میں کوئی جگہ نہیں،عمران
















