ایران کیلئے ہمارا پیغام ہے اسرائیل پر حملہ نہ کرے: وائٹ ہاﺅس
واشنگٹن (مشرق نیوز) وائٹ ہاﺅس میں قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے کہاہے کہ ایرانی حملے کی صورت میں امریکہ اسرائیل کے دفاع کا پابند رہے گا۔اسرائیلی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کربی نے مزید کہا کہ حملے کے امکان کے حوالے سے کوئی پیش گوئی کرنا مشکل ہے تاہم وائٹ ہاوس ایران کے موقف کو سنجیدگی سے لے رہا ہے۔ترجمان نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ وہ ابھی تک اچھی پوزیشن میں ہیں اور اگر انہوں نے ارادہ کر لیا تو وہ حملہ کرنے کیلئے تیار ہیں، اسی وجہ سے ہم نے خطے میں اپنی افواج میں اضافہ کر دیا ہے۔کربی کے مطابق ایران کیلئے ہمارا پیغام یکساں تھا اور یکساں رہیگا۔ پہلا یہ کہ ایسا نہ کرے ،اس معاملے کو بڑھانے کی کوئی وجہ موجود نہیں،ایک جامع علاقائی جنگ شروع کرنے کی کوئی وجہ نہیں پائی جاتی ،دوسرا یہ کہ اگر جنگ تک نوبت پہنچی تو ہم اسرائیل کے دفاع کیلئے تیار ہیں۔
















