اسلام آباد،لاہور،کراچی،پشاور،کوئٹہ:(بیورورپورٹ)ملک بھر میں بارشوں سے تباہی،خواتین،بچوں سمیت 21افراد لقمہ اجل،مجموعی اموات121تک جاپہنچیں۔
پنجاب،سندھ،کے پی،بلوچستان میں مون سون بارشوں کانہ رکنے والا سپیل جاری ہے، چھتیں، دیواریں گرنے اور آسمانی بجلی گرنے سے خاتون، 5 بچوں سمیت 21 افراد جاں بحق ہوگئے۔
لاہور میں بارش کے بعد جل تھل ایک ہو گیا، پنجاب کے شہروں جہلم، میانوالی، گجرات، سیالکوٹ، رحیم یار خان اور حافظ آباد سمیت مختلف علاقوں میں بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔
عیسیٰ خیل کے پہاڑی علاقوں میں تیز بارش کے بعد برساتی نالوں میں طغیانی ہے، پشتہ بہہ جانے سے زمینی راستہ منقطع ہوگیا،خیبر پختونخوا ، آزادکشمیر میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
ادھر جامشورو ،ٹانک میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون سمیت4 افراد جاں بحق اور3 زخمی ہوگئے، کرک میں سیلابی ریلے میں بہہ کر 4 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ سندھ کے شہروں حیدرآباد، خیرپور، نواب شاہ، سیہون اور دادو سمیت مختلف شہروں میں بارشیں ہوئیں، برساتی ریلے آبادیوں میں داخل ہوگئے،فصلوں کو شدید نقصان پہنچا،کئی نہروں کے بند ٹوٹ گئے،دادو میں 50 سے زائد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، لوگ مال مویشی کے ساتھ نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔
ٹنڈو آدم میں روہڑی کینال میں 150 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے کئی دیہاتوں میں پانی داخل ہو گیا، مختلف شہروں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی،بلوچستان کے ضلع قلات کے پہاڑی علاقوں سے آنے والے برساتی ریلے کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، نصیر آباد کے بیشتر نشیبی علاقے زیر آب آگئے،کیرتھر کے پہاڑی سلسلے میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی ہے، سیلابی ریلا منچھر جھیل میں داخل ہوگیا،متعدد علاقوں میں بجلی گرنے کے واقعات بھی رونما ہوئے،نئی گج، بولان، لہری ، مولا سمیت اہم دریاوں،نالوں میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔
ملک بھر میں بارشوں سے تباہی، خواتین،بچوں سمیت 21افراد لقمہ اجل


















